حیدرآباد 19 مارچ (سیاست نیوز)دین اسلام کے غلبہ کو کوئی طاقت نہیں روک سکتی چونکہ اللہ تعالی نے دین کے غلبہ کا وعدہ کیا ہے تو پھر اسلام کو غالب آنا ہی ہے ۔ امریکہ کے ممتاز ماحولیاتی سائنسداں و شکاگو کی مسجد کے خطیب جناب سردار علی خان نے آج محبوب حسین جگر ہال میں منعقدہ لکچر ’عصرحاضر اور نوجوان‘ سے خطاب کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اجلاس کی صدارت جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست نے کی جبکہ مولانا زبیر ہاشمی و دیگر موجود تھے۔ جناب سردار علی خان نے اپنے تجربات و مشاہدات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے دین کیلئے محنت میں اخلاص ضروری ہے اور اخلاص کے ذریعہ اللہ کی مدد حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نوجوان نسل کو قرآن تجوید کے ساتھ پڑھنی چاہئے تا کہ اللہ کے احکام کی روح کو سمجھ سکیں ۔ جناب سردار علی خان نے کہا کہ کلمہ پڑھ لینے اور دل کے اقرار سے آدمی مسلمان ہوسکتاہے لیکن وہ اس وقت تک مومن نہیں ہوسکتا جب تک اپنے رب کے ہر حکم کو نہ مانے اور دائمی زندگی کی فکر نہ کرے ۔ انہو ںنے بتایا کہ اللہ تعالی نے یہ بات واضح کردی ہے کہ جو نیکی ہوگی وہ اللہ کی جانب سے ہوگی اور جو بھی برائی ہوگی وہ انسان کے نفس کی وجہ سے ہوگی ۔ اسی لئے انسان کو چاہئے کہ وہ اللہ کی مرضی کے مطابق اپنی زندگی گذارے تاکہ دائمی زندگی کو جو موت کے بعد ہے سنوار سکے ۔ جناب سردار علی خان نے بتایا کہ اللہ تعالی نے اس امت کو بھلائی کا درس دینے اور برائی سے روکنے والی بنایا ہے اسی لئے ہم پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم بھلائی کی دعوت دیں اور برائی سے روکیں ۔ انہو ںنے کہا کہ در حقیقت اللہ تعالی کے احکام کے نفاذ کیلئے کوشش کرنے والے ہی مومن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی سے دعا مانگنے پر کبھی مایوسی نہیں ہوگی ۔ اللہ تعالی دعا کا اجر کسی نہ کسی صورت میں عطا کرتا ہے ۔ جناب سردار علی خان نے بتایا کہ اسلام میں درجہ بندی قطعی نہیں ہے لیکن آخرت کی نعمتوں کو فراموش کرکے زندگی گذار رہے ہیں جبکہ اللہ تعالی نے ہمیں بہترین اخروی زندگی کا وعدہ کیا ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ مسلمانوں کی موجودہ حالت کیلئے بڑی حد تک مسلمان ذمہ دار ہیں ‘ جس قوم کو پہلا حکم ’اقراء ‘ کا سنایا گیا وہ قوم آج پسماندگی کا شکوہ کررہی ہے۔ جس قوم کے ہاتھو ںمیں علم کے جھنڈے تھے وہ جہالت کی تاریکیوں میں غرق ہے اسی لئے ہمیں نمازوں میں خشوع و خضوع پیدا کرنا چاہئے ساتھ ہی کتاب اللہ کا احترام کرنے والے بننا چاہئے ۔ محبوب حسین جگر ہال اندرون احاطہ سیاست سامعین کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ انہو ںنے نبی آخر الزماں خاتم پیغمبراں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی جانب سے امت کو سنائی گئی خوشخبریوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ خود آقا علیہ سلام نے نیکیوں پر برائیوں کا غلبہ لیکر پہنچے والوں کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ مجھے ان پر افسوس ہوتا ہے جو دہائیوں پر اکائیوں کے اضافہ کے ساتھ پہنچے ہیں۔ انہوں نے قرآن و احادیث کے حوالے سے قوم میں فکری تبدیلی کی ضرورت پر زور دیا ۔