مسجد و درگاہ کمیٹی عہدیدراوں اور عوام کا تلنگانہ وقف بورڈ اجلاس کے دوران احتجاج
حیدرآباد۔/24فبروری، ( سیاست نیوز) وقف بورڈ کے اجلاس کے دوران دینی درسگاہ و مسجد قادریہ ویلفیر سوسائٹی ونستھلی پورم کے عہدیداروں نے احتجاج منظم کیا اور مسجد اور انتظامات مسجد کی سابقہ کمیٹی کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔ کمیٹی کے ارکان اور مقامی افراد نے حج ہاوز پہنچ کر وقف بورڈ کے ارکان کو تفصیلات سے واقف کروایا۔ کمیٹی کے ذمہ دار احمد حسین نے بتایا کہ 1995ء میں خانگی اراضی خرید کر مسجد قادریہ تعمیر کی گئی جو ویلفیر سوسائٹی کے تحت ہے اور یہ سوسائٹی ڈسٹرکٹ رجسٹرار آفس میں درج ہے۔ بعض مقامی افراد نے وقف بورڈ سے رجوع ہوکر اڈھاک کمیٹی تشکیل دے دی اور یہ کمیٹی 3 سال تک برقرار رہی۔ وقف بورڈ نے عدالت کے احکامات کے مطابق انتخابات کرانے کے بجائے اڈھاک کمیٹی کو جاری رکھا۔ وفد نے بتایا کہ مسجد کو اکٹوبر 2017 میں درج اوقاف کرایا گیا حالانکہ یہ خانگی اراضی پر تعمیر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوسائٹی مسجد کو درج اوقاف کرنے کے خلاف نہیں ہے تاہم وہ چاہتے ہیں کہ انتظامات پرانی کمیٹی کے حوالہ کئے جائیں۔ اڈھاک کمیٹی منسوخ کرتے ہوئے پرانی کمیٹی کو انتظامات حوالے کرنے کے سلسلہ میں بورڈ نے ضروری کارروائی کا تیقن دیا۔ احتجاجی افراد نے میڈیا کو بتایا کہ سابقہ کمیٹی نے بہتر انتظامات کئے اور اسی کو مزید توسیع دی جانی چاہیئے۔