دیناکرن کی گورنر سے ملاقات پلانی سوامی کی برطرفی کا مطالبہ

چینائی ۔ 7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) آل انڈیا انا ڈی ایم کے (اماں) کے حاشیہ پر کردیئے گئے نائب سربراہ ٹی دیناکرن نے آج کہا کہ انہوں نے گورنر ٹاملناڈو سی ایچ ودیاساگر راؤ کے ساتھ اپنی میٹنگ کے دوران چیف منسٹر پلانی سوامی اور ان کے نائب پنیرسلوم کو برخاست کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور ساتھ ہی انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ ریاستی حکومت کو گرانا نہیں چاہتے ہیں۔ ان کے وفادار 19 ایم ایل ایز کی جانب سے گذشتہ ماہ چیف منسٹر پر عدم اعتماد کا اظہار کئے جانے کے بعد گورنر سے اپنی پہلی ملاقات میں انہوں نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ ان کے کیمپ پر دباؤ ڈال رہے ہیں تاکہ ارکان اسمبلی کو واپس اپنی صفوں میں شامل کرسکیں۔ دیناکرن نے راج بھون میں ملاقات کے بعد اپنی قیامگاہ کے باہر میڈیا والوں کو بتایا کہ یہ بات عیاں ہیکہ پلانی سوامی کے پاس اکثریت نہیں۔ اس لئے انہیں گورنر کی جانب سے اکثریت ثابت کرنے کیلئے کہا جانا چاہئے۔

گرمیت کا جانور سے محبت کرنا بھی
اب تفتیش کے دائرے میں
سرسا،7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سادھوی عصمت دری معاملے میں ہریانہ کے روہتک جیل میں بند ڈیرہ سچا سودا کے سربراہ گرمیت رام رحیم کی مصیبتیں کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ انہوں نے اپنے شوق اور دلچسپی کی تکمیل کے لیے جانور پال رکھے تھے اوراب ان کا یہ شوق بھی جانچ کے دائرہ میں آگیا ہے ۔سنٹرل زو اتھارٹی نے ہریانہ کے چیف وائلڈ لائف کنزرویٹر کو خط لکھ کر اس کی تفتیش کا حکم دیا ہے ۔دہلی کے روہنی کے باشندہ اور مویشیوں سے ہمدردی رکھنے والے نریش قادیان نے ڈیرہ میں شوق کے لیے رکھے گئے گھوڑے ، اونٹ اور ہرن اور کھیلوں میں ان کا استعمال کے سلسلے میں شکایت کی تھی اور اسے جانوروں پر ظلم و زیادتی قرار دیاتھا۔