نئی دہلی 10 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) دیماپور میں ایک ہجوم کی جانب سے قیدی کو جیل سے باہر نکال کر ہلاک کردئے جانے کے واقعہ پر راجیہ سبھا میں ارکان نے سوالات کئے ۔ ارکان نے سوال کیا کہ کس طرح سے اس ہجوم کو جیل سے قیدی کو نکال باہر کرنے ‘ پریڈ کروانے اور ہلاک کرنے کی اجازت دی گئی ۔ وقفہ صفر کے دوران یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے جے ڈی یو کے رکن شرد یادو نے سوال کیا کہ آیا حکومت ناگالینڈ سو رہی تھی جب 10ہزار افراد کا ہجوم جمع ہوگیا اور ایسا کر رہا تھا ۔ انہوں نے عوام کی جانب سے قانون اپنے ہاتھ میں لئے جانے پر تشویش کا اظہار کیا اور الزام عائد کیا کہ یہ دستوری اداروں کے ٹوٹ جانے کی مثال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس مسئلہ پر از خود کارروائی کرنے کی ضرورت ہے ۔ دیما پور میں عصمت یرزی کے ایک ملزم کو برہم ہجوم نے جیل توڑ کر باہر نکالا ‘ اسے برہنہ پریڈ کروایا اور پھر اسے پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا تھا ۔ شمال مشرقی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے دوسرے کئی ارکان نے بھی ایوان میں شرد یادو کے خیال سے اتفاق کیا اور انہوں نے اس طرح کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا ۔
پاکستان کے پاس ہندوستان سے زیادہ نیوکلیئر بم
نئی دہلی ۔ 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے پاس ہندوستان کے مقابلہ 10 نیوکلیئر بم زیادہ ہیں جبکہ دونوں ممالک اپنے اسلحہ کے ذخائر 2007ء سے دگنے کرنے میں مصروف ہیں۔ ایٹمی سائنسدانوں کی معلومات پر مبنی اعلامیہ کے بموجب دونوں میں سے کوئی بھی ملک 1997ء تک نیوکلیئر وارہیڈ کا مالک نہیں تھا۔