کوہیما۔ 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) تشدد کے بعض چھوٹے موٹے واقعات کے سواء دیما پور میں معمولاتِ زندگی پر جمود طاری ہوگیا۔ دیما پور ناگالینڈ کا تجارتی مرکز ہے۔ ناگالینڈ فٹ ہل روڈ کوآرڈینیشن کمیٹی نے 12 گھنٹے کے بند کا اعلان کیا تھا۔ کمیٹی کے کارکنوں اور مخالف بند گروپس کے درمیان ہاتھا پائی کے چند واقعات چوموکیڈیما اور پانچویں سنگ میل کے پاس پیش آئے قصبہ کے بعض دیگر علاقوں میں بھی بند کے ابتدائی گھنٹوں میں جس کا آغاز 6 بجے صبح ہوا تھا، معمولی تشدد کے واقعات پیش آئے۔ دیما پور کے اے ایس پی واٹی آئو نے کہا کہ پولیس کو پانچویں سنگ میل چومو کیڈیما علاقوں میں تصادم میں مصروف گروہوں کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیاس استعمال کرنی پڑی۔ دوپہر تک صورتِ حال پر قابو پالیا گیا۔ تمام تجارتی ادارہ ، تعلیمی ادارہ اور قانونی دفاتر بند رہے۔ سرکاری دفاتر میں بھی حاضری بہت کم تھی۔ کمیٹی کی جانب سے معلنہ بند کے دوران کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے فٹ ہل روڈ کی تعمیر کا اجلاس منعقد کیا گیا کیونکہ حکومت پہاڑ کے دامن میں سڑک کی تعمیر کے سلسلے میں کوئی قابل عمل حل پیش کرنے سے قاصر رہی۔ ہفتہ کے دن کوہیما میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا تھا جو نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوا۔ کمیٹی نے آج فلاح عامہ محکمہ (عمارات و شوارع) پر ناراضگی ظاہر کی، کیونکہ وہ بار بار اپنا موقف تبدیل کررہا ہے اور پہاڑ کے دامن میں سڑک کی تعمیر کے کاموں کے کنٹراکٹ کے بارے میں اس کا موقف مستقل نہیں ہے۔ کمیٹی کے کنوینر سوپو جامیر نے ریاستی حکومت کے جاری کردہ حکم کا دفاع کیا جو ڈپٹی کمشنر دیما پور کے توسط سے جاری کیا گیا ہے اور قانون تعزیرات ِ ہند کی دفعہ 144 ضلع دیما پور 5 بجے صبح تا 7 بجے شام نافذ کردیئے گئے ہیں۔ بند کا اختتام 6 بجے شام ہوگا۔