دیماپور میں حالات معمول پر

دیماپور ۔ 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دیماپور قصبہ میں آج معمول کے حالات بحال ہوگئے جبکہ سرکاری عہدیداروں نے امتناعی احکام برخاست کردیئے جو عصمت ریزی کے ایک ملزم کو زدوکوب اور ہلاکت کے بعد نافذ کئے گئے تھے۔ تاہم انٹرنیٹ اور ایس ایم ایس خدمات کا رابطہ اب بھی منقطع ہے۔ دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکام صبح 6 بجے سے شام 4 بجے تک برخاست کردیئے گئے ہیں۔ دیماپور کے سپرنٹنڈنٹ پولیس جو کارگذار ہیں، کیونکہ ایس پی کو اس واقعہ کے بعد معطل کردیا گیا ہے، کہا کہ آج دن بھر دکانیں اور تجارتی ادارے کھلے رہے۔ بازار میں اشیائے ضروریہ کی خریداری کیلئے عوام کا ہجوم دیکھا گیا۔ پولیس کے بموجب 43 افراد کو تاحال اس واقعہ کے سلسلہ میں گرفتار کرلیا گیا ہے اور پولیس باقی ملوث افراد کو گرفتار کرنے کوشاں ہے۔ زدوکوب کا واقعہ کل لوک سبھا میں بھی اٹھایا گیا تھا جبکہ آسام کے کانگریسی ارکان نے کہا تھا کہ یہ واقعہ ناگالینڈ حکومت کی ’’ناکامی‘‘ ہے۔ اس واقعہ کو کل آسام اسمبلی میں بھی اٹھایا گیا۔