سری ہری کوٹہ۔5جنوری(سیاست ڈاٹ کام ) قوم کو نئے سال کا تحفہ پیش کرتے ہوئے اسرو نے آج جی ایس ایل وی کرائیوجینک انجن کے ساتھ ستیش دھون اسپیس سنٹر سے کامیابی کے ساتھ داغا ۔ اس طرح ہندوستان منتخبہ ممالک کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے ۔ اس کامیابی کے ساتھ اسرو دنیا کی چھٹی خلائی ایجنسی بن چکی ہے۔ امریکہ ‘ روس ‘ جاپان ‘ چین اور فرانس نے دیسی ساختہ کرائیوجینک انجن کے ساتھ اس طرح کا کامیاب تجربہ کیا ۔ اسرو کے صدر نشین کے رادھا کرشنن آج کی اس کامیابی پر غیر معمولی مسرور نظر آرہے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ آج یہ کہتے ہوئے وہ خوشی اور فخر محسوس کرتے ہیں کہ اسرو ٹیم نے یہ کارنامہ کردکھایا ۔ ہندوستانی کرائیوجینک انجن اور اس کی تیاری کے تمام مراحل توقع کے مطابق رہے ۔ اس مشن کو GSAT-14 کمیونکیشن سیٹلائیٹ میں داخل کرتے ہوئے مدار میں پہنچادیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مشن کنٹرول روم سے جی ایس ایل وی D5کے ساتھ 1982کیلوگرام کے GSAT-14 سیٹلائیٹ کو مطلوبہ مدار میں داخل کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دیسی ساختہ کرائیوجینک انجن کے ساتھ جی ایس ایل وی کو داغنا اسرو کے لئے ایک بڑا چیالنج تھا اور 2001ء سے اب تک کئی مرتبہ ناکامی ہوئی تھی ۔ اس سے پہلے صرف 7کے منجملہ 4کوششیں کامیاب رہی ۔ جی ایس ایل وی D5کو گذشتہ سال اگست میں داغنے کا پروگرام ایندھن کے اخراج کی وجہ سے لمحہ آخر میں روک دیا گیا تھا ۔ اسرو نے اس گاڑی کو واپس لاکر خامی کو دور کیا ۔