دیسی ساختہ بحری جہاز آئی این ایس کولکتہ کی جلد بحری بیڑہ میں شمولیت کا امکان

نئی دہلی 17 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) طیارہ بردار بحری جہاز آئی این ایس وکرمادتیہ کو قوم کے نام معنون کرنے کے بعد اب وزیر اعظم نریندر مودی امکان ہے کہ ہندوستان میں تیار کردہ سب سے بڑے بحری جہاز آئی این ایس کولکتہ کو ممبئی میں آئندہ چند دن میں قوم کے نام معنون کرینگے ۔ وزارت دفاع کے عہدیداروں نے بتایا کہ اس جہاز کو بحری بیڑہ میں شامل کرنے کیلئے وزیر اعظم کو پہلے ہی دعوت دی جاچکی ہے ۔ یہ جہاز مزگان ڈاک یارڈز لمیٹیڈ میں تیار کیا جارہا ہے اور اس کا ڈیزائین بحریہ کے ڈیزائین بیورو نے تیار کیا ہے ۔ آئی این ایس کولکتہ اپنے شیڈول سے تین سال کی تاخیر سے تیار کیا جارہا ہے اور اسے ہندوستان میں بحری جہازوں کی تعمیر میں اہم سنگ میل سمجھا جارہا ہے ۔ اسے بحریہ میں جلد شامل کیا جائیگا اور وزیر اعظم کو دعوت دی جاچکی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ اس بڑے بحری جہاز کا وزن 6,800 ٹن ہے ۔