دیرینہ مطالبات پر ملازمین نمائندوں سے کابینی سب کمیٹی کی حوصلہ افزا بات چیت

حیدرآباد /4 مئی ( سیاست نیوز ) کابینی سب کمیٹی نے آج ایمپلائیز یونین نمائندوں سے سرگرم مشاورت کی ۔ 18 موضوعات کا جائزہ لیا گیا ۔ سوائے پنشن اسکیم بحال کرنے کے دیگر تمام امور پر اتفاق رائے کی اطلاعات ہیں ۔ وزراء نے 5 مئی کو ایک اور ملاقات کا فیصلہ کیا ہے ۔ پی آر سی تبادلے و پنشن اسکیم کی بحالی کے علاوہ دوسرے مسائل پر تلنگانہ ایمپلائیز جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے چیف سکریٹری ایس کے جوشی کو یادداشت پیش کرکے مسائل کی عاجلانہ عدم یکسوئی پر احتجاج کی دھمکی دی تھی ۔ ایمپلائیز کے مطالبات کو حل کرنے چیف منسٹر کے سی آر نے وزیر فینانس ای راجندر کی قیادت میں کابینی سب کمیٹی تشکیل دی تھی ۔ جس میں وزرا کے ٹی آر اور جگدیش ریڈی کو شامل کیا تھا ۔ پتہ چلا کہ سوائے پنشن اسکیم کی بحالی کے باقی تمام مطالبات پر کابینی سب کمیٹی نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔ 10 مئی سے کسانوں میں چیکس تقسیم کے پیش نظر جاریہ ماہ ملازمین کے تبادلے نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اجلاس کے بعد ایٹالہ راجندر نے کہا کہ ایمپلائیز نے 18 مطالبات پیش کئے ان پر حکومت ہمدردانہ غور کر رہی ہے ۔ کل بھی تبادلہ خیال کیا جائیگا جس کے بعد چیف منسٹر کو رپورٹ پیش کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ ایمپلائیز کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔ فلاحی اسکیمات کو عوام تک پہونچانے میں ایمپلائیز نے اہم رول ادا کیا ہے ۔ حکومت ایمپلائیز سے انصاف کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈھائی لاکھ کنٹراکٹ ملازمین کے تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ پی آر سی کے بقایا جات ادا کردئے گئے کے تبادلوں پر چیف منسٹر سے تبادلہ خیال کیا جائیگا ۔ ایمپلائیز نمائندوں نے بتایا کہ تبادلے پی آر سی کے علاوہ مزید دو مطالبات کو قبول کرنے کا کمیٹی نے تیقن دیا ہے ۔