شمس آباد۔/22جنوری، ( سیاست نیوز) مہاراشٹرا گورنر ودیا ساگر راؤ نے ورا لکشمی فاؤنڈیشن سریکاکلم آندھرا پردیش کا دورہ کیا۔ اس موقع پر جی ایم آر گروپ چیرمین جی ایم راؤ نے گورنر کو جی ایم آر آئی ٹی کیمپس، ورا لکشمی کیر ہاسپٹل اور ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کروایا۔ جہاں انہوں نے چار ہزار طلباء سے ملاقات کرکے طلباء سے خطاب کیا۔ ودیا ساگر راؤ نے جی ایم آر گروپ کی جانب سے سماجی بنیادی ڈھانچہ کی ترقی اور کمیونٹیز کے معیار کو بڑھانے کی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ جی ایم آر گروپ کی جانب سے سماج کی ترقی کیلئے بے لوث خدمات انجام دی جارہی ہیں۔ دیگر فاؤنڈیشن کو بھی سماج کی خدمت کیلئے آگے آنے کی ضرورت ہے۔ جی ایم آر گروپ چیرمین نے کہا کہ جی ایم آر ورا لکشمی فاؤنڈیشن کی جانب سے تعلیم، صحت، صفائی، امپاورمنٹ و دیگر سرگرمیوں کو انجام دیا جارہا ہے۔ جی ایم آر گروپ کی جانب سے مسلسل کوشش کی جارہی ہے کہ وہ سماج کی بھلائی و خدمت کے لئے کام کرتے رہے۔ ملک میں لاکھوں افراد بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں ان کی خدمت کرنا بھی ہمارا فرض ہے۔ ہمارے فاؤنڈیشن کے ذریعہ خواتین کو مفت مختلف قسم کی ٹریننگ دے کر روزگار کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔ چالیس ہزار سے زائد نوجوانوں کو مختلف ٹریننگ دی گئی اور انہیں روزگار کے مواقع بھی فراہم کئے جارہے ہیں۔ 350 سرکاری اسکولس کے ساتھ کام کیا جارہا ہے اور ساتھ ہی دواخانوں، موبائیل میڈیکل کے ذریعہ دیہی علاقوں میں خدمت انجام دی جارہی ہے۔ ملک کی نو ریاستوں میں 450 بیت الخلاء تعمیر کئے گئے، آئندہ بھی سماج کی خدمت کیلئے فاؤنڈیشن کام کرتا رہے گا۔