سرینگر 5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) گورنر راج کے لاگو ہونے کے بعد اپنے پہلے دورہ جموں و کشمیر میں مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے کہاکہ ریاست میں امن و استحکام کی واپسی کے لئے دیانتدار ، مؤثر اور کارکرد انتظامیہ ہی اہم رول ادا کرسکتا ہے۔ راجناتھ نے آج ایک اعلیٰ سطح میٹنگ جس میں گورنر این این ووہرا، نیشنل سکیورٹی اڈوائزر اجیت دول اور پولیس اور سیول اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اپنی بات چیت کے بعد بیان دیا۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ جموں و کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کے خواب کی تعبیر اسی وقت تکمیل ہوسکتی ہے جب وادی کے حالات پرامن ہوں اور کہاکہ وادی میں امن، استحکام اور عام حالات کی بحالی کیلئے ایک ایماندار، کارکرد اور مؤثر انتظامیہ ہی ریاست کے مسائل کو حل کرسکتا ہے۔