دہلی : 50 سال پرانی عمارت منہدم، 10 افراد ہلاک

نئی دہلی، 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) شمالی دہلی کے اندرلوک علاقہ میں آج ایک چار منزلہ عمارت گرگئی جس کے نتیجے میں دس افراد ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے کہا کہ بارہ افراد کو ملبے کے نیچے سے بچا کر فوری اسپتالوں سے رجوع کردیا گیا ہے۔ پانچ بچوں اور تین خواتین کے بشمول دس افراد اس واقعہ میں ہلاک ہوگئے۔ بچاؤ کام ہنوز جاری ہے۔ ایک فائر عہدہ دار نے کہا کہ یہ واقعہ گنجان محلہ میں پیش آیا اور ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ اس کا سبب متصل پلاٹ پر تعمیراتی کام ہے۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس (نارتھ) مدھر ورما نے کہا کہ یہ بلڈنگ تقریباً 50 سال قدیم تھی اور اس میں متعدد خاندان رہائش پذیر تھے۔ اس دوران نارتھ دہلی میونسپل کارپوریشن نے اس واقعہ کی انکوائری کا حکم دیا ہے۔
این ڈی ایم سی پبلک ریلیشنس آفیسر یوگیندر سنگھ مان نے کہا کہ کمشنر نے اس واقعہ کی کارپوریشن کے ایڈیشنل کمشنر (انجینئرنگ) کے تحت انکوائری کا حکم دیا ہے اور خاطی بلدی عہدے دار اگر کوئی بھی بے قاعدگی کے مرتکب پائے جائیں تو بخشے نہیں جائیں گے۔