نئی دہلی۔29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی ہائی کورٹ نے دہلی یونیورسٹی اور اس کی لا فیکلٹی کو ہدایت دی ہے کہ رواں تعلیمی سیشن اپنے تین سالہ ایل ایل بی کورس میں اضافی 301 اسٹوڈنس کو داخلہ دیا جائے۔ کارگزار چیف جسٹس گیتا متھل اور جسٹس سی ہری شنکر کی بینچ نے یہ ہدایت طلبہ کے گروپ کی عرضی پر جاری کی، جنہوں نے الزام عائد کیا کہ یونیورسٹی اور اس کی فیکلٹی آف لا معمول کے طریقہ کے مطابق داخلے انجام نہیں دے رہے ہیں اور ہائی کورٹ کی ہدایت کی تعمیل بھی نہیں ہورہی۔ عدالت نے طلبہ کے دعوے سے اتفاق کیا کہ دہلی یونیورسٹی اور اس کی فیکلٹی آف لا نے عدالت کے روبرو 28 جون کو درست موقف پیش نہیں کیا جب اس نے یونیورسٹی کو اس سال ایل ایل بی کورس میں 2310 اسٹونڈنس کو داخلہ دینے کی ہدایت دی تھی جو 2008ء سے مسلسل ہوتا رہا ہے۔ 28 جون کی سماعت میں خود یونیورسٹی نے عدالت کو اس تعلق سے واقف کرایا تھا۔