نئی دہلی ۔ 29 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی ہائیکورٹ نے آج عیسائیوں کے مذہبی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کامطالبہ کرتے ہوئے داخل کردہ مفاد عامہ کی ایک درخواست پر مرکز سے جواب داخل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ درخواست میں قومی دارالحکومت میں گرجا گھروں پر حالیہ حملوں کو ایس آئی ٹی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا گیاہے۔ جسٹس جی روہنی اور جسٹس راجیو ساہی پر مشتمل بنچ نے دہلی حکومت کو نوٹسیں جاری کیں ہیں اور سٹی پولیس کمشنر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس شکایت کا جواب پیش کریں۔ مفاد عامہ کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایس آئی ٹی کو اقلیتی طبقہ یا قومی اقلیتی کمیشن کے ارکان پر مشتمل ہونا چاہئے ۔ پی آئی ایل میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ حکومت اس طرح گرجا گھروں پر حملے کو روکنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ وزارت داخلہ ، دہلی حکومت ، دہلی پولیس کمشنر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے عدالت نے کہا ہے کہ تمام متعلقہ اتھارٹیز کو چار ہفتوں کے اندر اپنے موقف پر مبنی رپورٹس کو پیش کرنا چاہئے ۔ دہلی ہائیکورٹ میں وکیل ریگن ایس بیل کی جانب سے داخل کردہ مفاد عامہ کی درخواست کی سماعت ہورہی ہے ۔