نئی دہلی ؍ لکھنؤ ۔ 9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے شہریوں کو آج صبح خوشگوار موسم کا سامنا کرنا پڑا۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ تیز رفتار ہوائیں اور ہلکی بارش کا سلسلہ شہر کے کئی علاقوں میں جاری رہا۔ ہواؤں کی رفتار 35 تا 36 کیلو میٹر فی گھنٹہ تھی۔ صفدر جنگ رسدگاہ میں شہر کے سرکاری اعدادوشمار جاری کئے ہیں جس کے بموجب پالم اور رچ کے علاقہ میں علی الترتیب 3.2 اور 1.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ لودھی روڈ اور آیا نگر میں بھی بارش ہوئی۔ اعظم ترین درجہ حرارت 35.8 درجہ سلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ رطوبت 71 اور 31 فیصد کے درمیان تغیر پذیر رہی۔ لکھنؤ سے موصولہ اطلاع کے بموجب مغربی یوپی کے کئی علاقوں میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش سے 9 افراد ہلاک اور دیگر چار زخمی ہوگئے۔ چار افراد ضلع سٹاوا، تین متھرا اور ایک آگرہ میں گرج چمک کے طوفان سے مربوط حادثات میں ہلاک ہوگئے۔ شام میں ضلع ہاتھرس سے ایک 15 سالہ لڑکے کی بجلی گرنے سے موت کی اطلاع ملی۔ ژالہ باری آج شام ہاتھرس میں دیکھی گئی۔ آگرہ کے اعتماد پور علاقہ میں مکان کے انہدام سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ چار افراد شدید ہواؤں اور ایٹاوا کے بعض علاقوں میں بارش کی وجہ سے زخمی ہوگئے۔ لکھنؤ میں بھی طاقتور ہوائیں محسوس کی گئیں۔ چیف منسٹر یوگی ادتیہ ناتھ کو فوری متاثرہ علاقوں کا دورہ کئے بغیر کرناٹک واپس ہوجانے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔