نئی دہلی ۔ 29 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : بی جے پی کے حامیوں نے آج چیف منسٹر اروند کجریوال کی قیام گاہ کے روبرو احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے وزیر قانون جتندر سنگھ تمار کی برطرفی کا مطالبہ کیا ۔ جن پر قانون کی جعلی ڈگری رکھنے کا الزام ہے ۔ بی جے پی دہلی یونٹ کے صدر ستیش اپادھیائے کی زیر قیادت احتجاجی سڑکوں پر نکل آئے اور پلے کارڈس ہاتھوں میں اٹھائے نعرے بلند کرنے لگے ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت نے شہریاں دہلی کو بے وقوف بنایا ہے اور ایک وزیر جعلی ڈگری کے ساتھ دہلی حکومت میں شامل ہوگیا اور ہمیں سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرنے کے سوا کوئی چارہ کار نہیں ہے اور ضرورت پڑنے پر نہ صرف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی بلکہ پولیس میں ایف آئی آر بھی درج کروایا جائے گا ۔ بی جے پی لیڈر نے کہا کہ ہم نے یہ مسئلہ عوام کی عدالت میں اٹھایا ہے اور وزیر قانون تمار کی برطرفی تک احتجاج جاری رہے گا اور ہم اس طرح کی لاقانونیت کو برداشت نہیں کریں گے ۔ تاہم دہلی کے وزیر قانون تمار نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا ہے اور عہدہ سے استعفیٰ دینے سے انکار کردیا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عام آدمی پارٹی کے وقار کو مجروح کرنے کے لیے بی جے پی یہ سیاسی کھیل کھیل رہی ہے ۔ انہوں نے کل چیف منسٹر کجریوال سے ملاقات کر کے اپنی ڈگری سے متعلق تنازعہ کی تفصیلات سے واقف کروایا ۔ جس پر کجریوال نے ان کی مکمل تائید کی ہے ۔