دہلی کے سابق وزیر کا پرسنل اسسٹنٹ گرفتار

بلیک میل کے الزامات پر پولیس کی پوچھ تاچھ
نئی دہلی ۔ 5 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام): دہلی پولیس نے آج دہلی کے برطرف وزیر سندیپ کمار کے پرسنل اسسٹنٹ کو حراست میں لے لیا ہے جب کہ سابق عاپ لیڈر نے پی اے پر بلیک میل کرنے اور عوام میں ان کی ساکھ متاثر کرنے کی دھمکی کا الزام عائد کیا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ پروین کمار جو کہ سابق وزیر کا پی اے تھا ۔ آج صبح دہلی سکریٹریٹ سے حراست میں لے لیا گیا تاکہ سندیپ کمار کے الزامات کے بارے میں پوچھ تاچھ کی جاسکے ۔ واضح رہے کہ سابق وزیر کو گرفتار کر کے 3 یوم کے لیے پولیس تحویل میں دیدیا گیا ہے ۔ ہفتہ کے دن دستیاب ایک سی ڈی میں ایک عورت کے ساتھ قابل اعتراض حالت میں پائے جانے پر چیف منسٹر اروند کجریوال نے سندیپ کمار کو کابینہ سے برطرف کردیا تھا اور ان کے خلاف عصمت ریزی کا ایک کیس بھی درج کرلیا گیا ۔ بعد ازاں خود سپردگی اختیار کرنے پر انہیں گرفتار کرلیا گیا ۔ علاوہ ازیں سندیپ کو عام آدمی پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے بھی معطل کردیا گیا ہے ۔۔