ڈپٹی چیف منسٹر اور وزیرصحت کی کیٹون سطح میں بھاری اضافہ
نئی دہلی ۔ 18 جون (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیا کو جو 13 جون سے لیفٹننٹ گورنر کے دفتر پر غیرمعینہ مدت کی بھوک ہڑتال پر ہیں، آج صحت بگڑجانے کے بعد دواخانہ میں شریک کردیا گیا۔ ایک دن قبل ان کے ایک ساتھی وزیر ستیندر جین کو بھی صحت بگڑجانے کے بعد دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا۔ سیسوڈیا کو قارورہ میں کیٹون کی سطح میں بھاری اضافہ اور شکر کی سطح میں بھاری کمی کے بعد آج سہ پہر 3 بجے لوک نائیک جئے پرکاش نارائن (ایل این جے پی) ہاسپٹل میں شریک کردیا گیا۔ چیف منسٹر اروند کجریوال نے اپنے دونوں وزراء کے دواخانہ میں شریک ہونے کے بارے میں ٹوئیٹر پر پیام جاری کیا ہے۔ منیش سیسوڈیا کے قارورہ میں کیٹون کی سطح جو کل6.4 تھی آج 7.4 ہوگئی تھی۔ یہ سطح صفر رہنا چاہئے اور 2 سے زائد کیٹون سطح خطرہ تصور کی جاتی ہے۔ دہلی کے وزیرصحت ستیندر جین کی حالت اب مستحکم بتائی گئی ہے۔ لیفٹننٹ گورنر کے دفتر پر ایک ہفتہ سے جاری غیرمعینہ مدت کی بھوک ہڑتال کے سبب گذشتہ روز ان کے خون میں شکر کی سطح میں کمی اور قارورہ میں کیٹونس کی سطح میں بھاری اضافہ کے ساتھ صحت بری طرح متاثر ہوگئی تھی جس کے بعد انہیں لوک نائیک جئے پرکاش نارائن (ایل این جے پی) ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا اور حالت میں بہتری کے باوجود بدستور آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔ ہاسپٹل کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جے سی پاسے نے کہا کہ جین کو سر درد، کمزوری، معدہ میں درد، سانس لینے میں دشواری، پیشاب کرنے میں تکلیف کی شکایات پر کل رات 11 بجکر 50 منٹ پر اس ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا کیونکہ یہ تمام علامتیں انہیں دواخانہ میں شریک کرنے کی متقاضی تھیں۔