عام آدمی پارٹی اور کانگریس کا صفایا، بی جے پی نے کامیابی کو سکما کے شہیدوں سے معنون کیا
نئی دہلی ۔ 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے دہلی کے تین میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات میں شاندارفتح حاصل کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی (عاپ) اور کانگریس کا عملاً صفایا کردیا۔ زعفرانی جماعت نے 160 نشستوں پر کامیابی کے ساتھ اپنی 138 نشستوں پر پہلے سے موجود قبضہ کو مزید مستحکم کرلیا۔ ایم سی ڈی کے 35 حلقوں میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور اس کو مزید نشستیں حاصل ہوسکتی ہیں۔ نتائج کے تازہ ترین رجحانات کے مطابق عام آدمی پارٹی محض 39 نشستوں پر کامیابی کے ساتھ دوسرے مقام پر ہے۔ کانگریس کو صرف 29 حلقوں میں کامیابی ملی ہے۔ بی جے پی نے شمالی میونسپل کارپوریشن دہلی (ایم سی ڈی) میں 57 حلقوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ عام آدمی پارٹی بمشکل 17 پرکامیابی حاصل کرسکی۔ کانگریس کو این ایم ڈی سی میں 12 نشستیں ملی ہیں۔ مشرقی دہلی میونسپل کارپوریشن (ای ایم سی ڈی) میں بی جے پی کو 42، عاپ کو 10 اور کانگریس کو تین نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔ جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن (ایس ڈی ایم سی) میں بی جے پی کو 61 حلقوں میں فتح حاصل ہوئی ہے۔ عاپ کو 12 اور کانگریس کو 11 نشستیں ملی ہیں۔ ان تینوں بلدی کارپوریشنوں میں آج صبح 8 بجے ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی تھی
اور ابتدائی رجحانات سے ہی بی جے پی فاتح کی حیثیت سے ابھرنے لگی تھی۔ اس دوران بی جے پی نے اپنی شاندار جیت کو چھتیس گڑھ کے ضلع سکما میں نکسلائیٹوں کے ہاتھوں ہلاک سی آر پی ایف جوانوں سے معنون کرتے ہوئے جشن منانے سے گریز کا فیصلہ کی ہے۔ بی جے پی کی دہلی یونٹ کے صدر منوج تیواری نے کہا کہ سکما میں نکسلائیٹوں کے ہاتھوں سی آر پی ایف کے 25 جوانوں کی ہلاکتوں سے ہر ہندوستانی دل برداشتہ ہے۔ چنانچہ ہماری پارٹی اس شاندار فتح کے باوجود کوئی جشن نہیں منائے گی بلکہ اپنی فتح کو سکما کے شہیدوں سے معنون و منسوب کیا گیا ہے۔ عاپ کی بدترین ہزیمت نے اس پارٹی کو بحران سے دوچار کردیا ہے لیکن اس کی اعلیٰ قیادت نے شکست کی پرواہ کئے بغیر جرأتمندانہ موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں چھیڑچھاڑ کے سبب یہ نتائج متوقع تھے لیکن الیکشن کمیشن اس الزام کو پہلے ہی بکواس قرار دیتے ہوئے مسترد کرچکا ہے۔ اس دوران دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اجئے ماکن بلدی انتخابات میں اپنی پارٹی کے کمزور مظاہرہ کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے عہدہ سے سبکدوشی کی پیشکش کی۔ ماکن نے کہاکہ ’’یہ کانگریس کا حوصلہ افزاء احیاء ضرور ہے لیکن مجھے اس سے بھی زیادہ بہتر مظاہرہ کی توقع تھی۔ میں مزید قدرے بہتر مظاہرہ کی توقع کررہا تھا۔ چنانچہ دہلی کانگریس کے صدر کی حیثیت سے میں اخلاقی ذمہ داری قبول کرتا ہوں اور اپنے عہدہ سے استعفیٰ کی پیشکش کرتا ہوں۔ میں نے اپنے عہدہ سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
دہلی والوں سے مودی کا اظہارتشکر
نئی دہلی ۔ 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے ایم سی ڈی انتخابات میں بی جے پی کی شاندار فتح کے ساتھ اس پارٹی پر اعتماد کی تجدید کیلئے وزیراعظم نریندر مودینے دہلی والوں سے تشکر و ممنونیت کا اظہار کیا ہے۔ مودی نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’بی جے پی پر اظہاراعتماد کیلئے میں دہلی کے عوام کا ممنون و مشکور ہوں۔ میں ’ٹیم @ بی جے پی 4 دہلی ‘کی انتھک محنت کی ستائش کرتا ہے۔ جس (محنت) سے ایم سی ڈی میں شاندار فتح کو ممکن ہوسکی‘‘۔