دہلی کے تلنگانہ بھون میں ٹی آر ایس کا ’ دکھشا دیوس ‘

ارکان پارلیمنٹ کے کویتا ‘ کیشو راؤ ‘ کیپٹن لکشمی کانت راؤ ‘ بی نرسیا گوڑ و دیگر کی شرکت

حیدرآباد۔/29نومبر، ( سیاست نیوز) نئی دہلی کے تلنگانہ بھون میں ٹی آر ایس کی جانب سے ’ دکھشا دیوس‘ منایا گیا اور تلنگانہ ریاست کے قیام کیلئے ٹی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ کے مرن برت کی یاد تازہ کی گئی۔ کے سی آر نے تلنگانہ جدوجہد کے دوران مرن برت کا آغاز کیا تھا اور مرکزی حکومت کو آخر کار تلنگانہ کے حق میں اعلان پر مجبور ہونا پڑا۔ نئی دہلی میں منعقدہ تقریب میں ارکان پارلیمنٹ کے کویتا، ڈاکٹر کے کیشوراؤ، کیپٹن لکشمی کانت راؤ، بی نرسیا گوڑ، ڈی سرینواس، بی سمن، جتیندر ریڈی کے علاوہ دیگر قائدین نے شرکت کی۔ کویتا نے تلنگانہ تلی کے مجسمہ پر پھول نچھاور کئے اور کے سی آر کے مرن برت کی یاد تازہ کی۔ انہوں نے کہا کہ 29 نومبر 2009 تلنگانہ تحریک کا انقلابی دن ہے اور یہ تحریک کی کامیابی میں اہم موڑ ثابت ہوا۔ کے سی آر نے اسی دن عوامی تائید سے مرن برت کا آغاز کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک جس کا آغاز 2001 میں ہوا اسے پُرامن انداز میں جاری رکھنے کا سہرا کے سی آر کے سر جاتا ہے۔ دنیا میں اس طرح کی کوئی مثال نہیں کہ اس قدر کامیابی سے پرامن تحریک چلائی گئی اور تحریک کو کامیابی ملی۔ کویتا نے کہا کہ عوام کے ہر شعبہ نے تحریک اور کے سی آر کی تائید کی جس کے نتیجہ میں مرکز کو عوام کے آگے جھکنا پڑا۔ کویتا نے کہا کہ تحریک کے دوران کئی نوجوانوں نے جانوں کی قربانی دی ہے اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں تلنگانہ بل کی کامیابی میں بھی کے سی آر کا اہم رول ہے۔ انہوں نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ تلنگانہ کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتے ہیں لیکن عوام ان طاقتوں کو سبق سکھائیںگے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف عنوانات کے تحت اپوزیشن جماعتیں میدان میں آرہی ہیں۔ رکن پارلیمنٹ کے کیشو راؤ نے کہا کہ مہاتما گاندھی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کے سی آر نے دکھشا کا راستہ اختیار کیا۔ کیپٹن لکشمی کانت راؤ نے مرن برت کے ایام کے حالات بیان کئے اور کہا کہ صحت بگڑنے پر جب ڈاکٹرس نے کے سی آر کو مرن برت توڑنے کی صلاح دی تو انہوں نے واضح کردیا تھا کہ وہ تلنگانہ ریاست کیلئے اپنی جان بھی قربان کرنے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آندھرائی حکمرانوں نے تلنگانہ تحریک کو ناکام کرنے کی کافی کوشش کی۔ دیگر ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ نئی دہلی میں تلنگانہ کے نمائندہ وینو گوپال چاری نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔اسی دوران حیدرآباد میں بھی دکھشا دیوس کے تحت مختلف تقاریب کا اہتمام کیا گیا ۔ تلنگانہ جاگرتی اور دیگر تنظیموں کی جانب سے گن پارک پر شہیدان تلنگانہ کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی، رکن اسمبلی سرینواس گوڑ اور دیگر قائدین نے اس پروگرام میں شرکت کی۔ وزیر داخلہ نرسمہا ریڈی نے تلنگانہ تحریک میں قائدین اور عوام کی قربانیوں کی یاد تازہ کی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کے بغیر تلنگانہ ریاست کے حصول کا تصور نہیںکیا جاسکتا۔ تلنگانہ بھون میں ٹی آر ایس یوتھ ونگ کی جانب سے بلڈ ڈونیشن کیمپ منعقد کیا گیا۔ میئر حیدرآباد بی رام موہن نے اس کیمپ کا افتتاح کیا۔