دہلی کے بوانا میں عاشورہ جلوس پر امتناع ،مہاپنچایت کا فیصلہ

نئی دہلی ۔ 3 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی کے ترلوک پوری علاقہ میں فرقہ وارانہ جھڑپوں کے بعد ایک اور علاقہ بوانا میں کشیدگی بڑھ گئی ہے جہاں ہندوؤں نے عاشورہ کے موقع پر جلوس پر امتناع کا مطالبہ کیا ہے ۔ مہاپنچایت اتوار کو منعقد ہوئی جس میں شمال مغربی دہلی کے بوانا علاقہ میں تعزیہ پر پابندی کا مطالبہ کیا گیا ۔ اس مہا پنچایت میں تقریباً 2000 مقامی افراد بشمول بی جے پی رکن اسمبلی گھگن سنگھ اور کانگریس کارپوریٹر دیویندر پونی نے شرکت کی ۔ بی جے پی رکن اسمبلی نے کہا کہ جلوس جس وقت ہندو علاقہ سے گذرے گا اُس وقت تشدد کا امکان ہے ۔ انھوں نے کہاکہ مسلمان اپنے گھروں میں جو چاہے کرسکتے ہیں لیکن اُنھیں دوسروں کو تکلیف نہیں دینا چاہئے ۔ واضح رہے کہ اکٹوبر میں عیدالاضحی کے موقع پر بوانا میں فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا ہوئی تھی ۔ مہا پنچایت نے علاقے کے مسلمانوں سے یہ معاہدہ بھی کرنے کافیصلہ کیا گیا کہ جاٹ اکثریتی علاقوں سے محرم جلوس نہیں گذرے گا ۔