دہلی کے اسکول میں بم رکھنے کی جھوٹی اطلاع

نئی دہلی ۔ 3 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام) : جنوبی دہلی کے وسنت وہار علاقہ میں واقع ماڈرن اسکول کے طلباء اور اسٹاف کا آناً فاناً تخلیہ کردیا گیا جب ایک نامعلوم شخص نے ٹیلی فون پر خبردار کیا کہ اسکول میں بم نصب کردیا گیا ہے جو کہ کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے ، دہلی فائر سرویس کے عہدیداروں نے بتایا کہ یہ دھمکی آمیز ٹیلی فون کال آج 1-15 بجے وصول ہوا جس کے ساتھ ٹیموں کو روانہ کر کے طلباء اور اساتذہ کا اسکول سے تخلیہ کروادیا گیا ۔ اور بموں کو ناکارہ بنانے والے دستہ نے اسکول میں چپہ چپہ کی تلاشی لی ۔ بعد ازاں دہلی پولیس 2-50 بجے اس ٹیلی فون کال کو جھوٹا قرار دیا اور ٹیلی فون کرنے والے شخص کا پتہ چلانے کی کوشش شروع کردی ہے ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ دھمکی آمیز کال لینڈ لائن سے کیا گیا تھا جس کے بعد اسکول حکام نے پولیس کو اطلاع دینے پر طلباء اور اسٹاف کا تخلیہ کروادیا گیا ۔ ڈی پی پی (ساوتھ دہلی ) نے بتایا بم ڈیزپوزل اسکواڈ کے ذریعہ تلاشی لینے کے بعد صورتحال حسب معمول ہوگئی ہے جہاں سے کوئی مشتبہ شئے برآمد نہیں ہوئی ہے ۔۔ تاہم اس شرانگیزی سے اولیائے طلباء پر خوف و دہشت طاری ہوگئی اور اپنے بچوں کو لینے کے لئے اسکول کی سمت دوڑ پڑے۔ جبکہ شرپسندوں کو اس طرح کی حرکات سے باز رکھنے کے لئے سخت کارروائی کی ضرورت ہے۔