نئی دہلی۔/31جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی میں اسمبلی انتخابات کے امکانات کے پیش نظر اپنے کھوئے ہوئے سیاسی موقف کو دوبارہ مضبوط بنانے کی کوشش کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال نے آج آٹو ڈرائیورس کی ریالی سے خطاب کیا جہاں انہوں نے ان کی شکایات کو دور کرنے کا وعدہ کیا اور کہا کہ ان کی پارٹی اگر دہلی میں دوبارہ اقتدار حاصل کرے گی تو ان کے تمام مسائل حل کئے جائیں گے۔ رام لیلا گراؤنڈ پر منعقدہ ریالی کو عام آدمی پارٹی کی انتخابی مہم کی شروعات متصور کیا جارہا ہے۔ یہ علاقہ عام آدمی پارٹی کیلئے پارٹی کا روایتی گڑھ مانا جاتا ہے۔ اس ریالی میں پارٹی کے تمام قائدین نے شرکت کی اور دہلی میں دوبارہ حکومت بنانے کے اعتماد کا اظہار کیا۔ اپنے خطاب میں اروند کجریوال نے بی جے پی اور کانگریس پر تنقید کی اور کہا کہ دونوں پارٹیاں عوام کے مسائل حل کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتیں۔ انہوں نے آٹو ڈرائیورس کو تیقن دیا کہ وہ ان کی بھرپور مدد کریں گے۔ سابق چیف منسٹر دہلی نے کہا کہ چھوٹے چھوٹے واقعات پر آٹو ڈرائیورس کو تحویل میں لیا جاتا ہے جبکہ ان کی دن بھر کی کمائی بھی چھین لی جاتی ہے۔
آسام کے ضلع چھاچر میں زمین کھسکنے سے تین مزدور ہلاک
سلچر۔/31جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) آسام کے ضلع چھاچر سے متصل منی پور کے دوردراز جنگلاتی علاقہ میں زمین کھسکنے سے تین مزدور ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر دو کی تلاش جاری ہے۔ آج شام مقامی افراد نے ملبہ میں دبے ہوئے تین مزدوروں کی نعشوں کو نکال لیا ہے۔ چری گھاٹ پولیس اسٹیشن کے آفیسر انچارج نے بتایاکہ دیگر دو کی تلاش جاری ہے۔ اتوار کے دن یہ پانچ مزدور جنگل میں گئے تھے اور وہاں پر انہوں نے عارضی جھونپڑی بنائی تھی۔ موسلا دھار بارش کے بعد زمین کھسکنے سے ان کی جھونپڑی مٹی کے تودوں کے نیچے آگئی۔