دہلی کی عدالت میں سومناتھ بھارتی کے خلاف اضافی چارج شیٹ

نئی دہلی۔/30اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام )دہلی کی ایک عدالت نے گزشتہ سال رات دیر گئے دھاوے کے دوران افریقی خواتین کے ساتھ بدسلوکی کے واقعہ میں عام آدمی پارٹی لیڈر سومناتھ بھارتی کے خلاف پولیس کی داخل کردہ اضافی چارج شیٹ پر غور و خوض کیلئے یکم ڈسمبر تاریخ مقرر کی۔ اسوقت مسٹر بھارتی دہلی کے وزیر قانون تھے اور پارٹی کارکنوں کی قیادت کی تھی جس نے منشیات کی تلاشی کے نام پر خواتین کے ساتھ غیر شائستہ سلوک کیا تھا۔ میٹرو پالیٹن مجسٹریٹ انکیت لال جن کے اجلاس پر تحقیقاتی عہدیدار نے اضافی چارج شیٹ پیش کی ہے ان دنوں رخصت پر ہیں جس کے پیش نظر دہلی کی عدالت نے اس معاملہ کی سماعت کو ملتوی کردیا ۔ تحقیقاتی عہدیداروجئے چنیل کی پیش کردہ 32 صفحات پر مشتمل رپورٹ کے ساتھ فارنسک سائنس لیباریٹری کا ضمیمہ بھی منسلک کیا گیا۔ قبل ازیں پولیس نے اس کیس میں مزید تحقیقات کیلئے بھارتی کی درخواست پر پولیس نے ایک سربمہر رپورٹ پیش کی تھی۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال 27ستمبر کو پیش کردہ چارج شیٹ میں پولیس نے بتایا تھا کہ سومناتھ بھارتی کی زیر قیادت ہجوم نے 9افریقی خواتین کے ساتھ بدتمیزی اور زیادتی کی تھی۔ جبکہ بھارتی اور دیگر 17 افراد کے خلاف ایک کیس درج کیا گیا تھا۔