دہلی کی طرح ممبئی میں برقی شرح کم کی جائے

کانگریس ایم پی سنجے نروپم کا چیف منسٹر کو مکتوب ، احتجاج کا انتباہ
ممبئی۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی حکومت کی جانب سے برقی شرحوں میں 50 فیصد کمی کے بعد اے آئی سی سی سیکریٹری اور رکن پارلیمان سنجے نروپم سے اسی طرح برقی شرحوں میں کمی لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں ماہانہ 500 یونٹس سے کم برقی کے استعمال پر عوام کو راحت دی جانی چاہئے۔ چیف منسٹر پرتھوی راج چوہان کو موسومہ مکتوب میں ممبئی (نارتھ) کے رکن پارلیمنٹ سنجے نروپم نے کہا کہ ماہانہ 500 یونٹس سے کم برقی استعمال کرنے والے صارفین کو راحت فراہم کرتے ہوئے شرحوں میں نمایاں کمی لائی جانی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ متوسط طبقہ اور سلم علاقوں میں بسنے والے عوام کی جائز توقعات کو اگر پورا نہ کیا جائے تو وہ حکومت کے خلاف احتجاج شروع کریں گے۔ انہوں نے پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے مصارف اور قیمتوں کے تعین کے میکانزم کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت کے فیصلے سے متوسط طبقہ اور سلم آبادی کو فائدہ ہوگا۔ حکومت دہلی نے جہاں برقی شرحوں میں کمی کی، وہیں پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی سی اے جی آڈٹ کا بھی حکم دیا ہے۔ حکومت نے آڈٹ سے پہلے ہی برقی شرحوں میں نمایاں کمی کردی۔ انہوں نے کہا کہ ریگولیٹری اتھاریٹی سے مشاورت بھی نہیں کی گئی اور حکومت نے فوری طور پر یہ فیصلہ کردیا، اس کے برعکس ممبئی میں ہم یہ مسئلہ کئی دنوں سے اٹھا رہے ہیں، لیکن ہر بار یہی جواب ملتا ہے کہ اس معاملے کو ریگولیٹری ادارہ سے رجوع کردیا گیا ہے۔ سنجے نروپم نے کہا کہ گزشتہ 10 سال کے دوران ممبئی میں برقی شرحوں میں تقریباً چار گنا اضافہ ہوا ہے۔ اس کی وجہ سے عوام بدظن ہوچکے ہیں اور دوسری طرف برقی کمپنیوں کا یہ حال ہے کہ کسی نہ کسی بہانے سے وقفے وقفے سے شرحوں میں اضافہ کرتی جارہی ہیں۔