دہلی کی ترقی کیلئے مرکز۔ریاست ۔کارپوریشن مل کر کام کریں

رہائشی مسئلہ کو حل کرنا ضروری ، وینکیا نائیڈو کا بیان
نئی دہلی۔ 26  اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر اور اطلاعات و نشریات کے وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ وہ دہلی کی ترقی کرنا چاہتے ہیں اور ملک کا مزاج ترقی کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ہے ۔مسٹر نائیڈو نے دہلی کے تینوں میونسپل کارپوریشن انتخابات میں بی جے پی کو تیسری بار ملی جیت کو تاریخی قرار دیتے ہوئے نامہ نگاروں سے کہاکہ قومی راجدھانی کی ترقی کیلئے مرکز، ریاست اور میونسپل کارپوریشن کو مل جل کر کام کرنا چاہئے ۔ مرکزی حکومت دہلی کی ترقی کرنا چاہتی ہے اور اس کیلئے ریاستی حکومت کو ساتھ لے کر آگے بڑھنا چاہتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ وہ دہلی میں رہائش کے مسئلہ کا حل کرنا چاہتے ہیں اور کمزور طبقہ کے لوگوں کو رہائش فراہم کرانے کی ہرممکن کوشش کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ اس شہر میں غریبی دور کرنا بھی ان کی ترجیحات میں شامل ہے ۔مسٹر نائیڈو نے دہلی بلدیاتی الیکشن میں ملنے والی جیت کیلئے پارٹی کی ریاستی اکائی کے سربراہ منوج تیواری، ذمہ داروں اور کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے یہاں کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ملک کے دارالحکومت کی حیثیت سے دہلی، مرکزی مقام رکھتا ہے۔ یہاں کی ترقی میں مرکز اور ریاست کا اہم رول ضروری ہے۔