دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دینے مرکز سے مطالبہ

نئی دہلی ۔ 11 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے نامزد چیف منسٹر اروند کجریوال نے آج مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کی اور قومی دارالحکومت کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کا مسئلہ اٹھایا اور مختلف محکموں اور سرکاری اداروں کے درمیان موثر تال میل قائم کرنے میں تعاون کرنے پر زور دیا ۔ اس ملاقات کے دوران کجریوال کے ساتھ سینئر پارٹی لیڈر منیش سیسوڈیا بھی تھے۔ انہوں نے مرکز اور دہلی حکومت کے درمیان تعمیری تعاون کی۔ ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی ترقی کی راہ میں سیاسی اختلافات کو حائل نہیں ہونا چاہئے۔ اس موقع پر کجریوال نے رام لیلا میدان پر 14 فروری کو منعقدہ تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے مرکزی وزیر داخلہ کو مدعو کیا ۔ عام آدمی پارٹی لیڈر نے دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی نے بھی 2013 ء کے اسمبلی انتخابات کے منشور میں یہ وعدہ کیا تھا ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے منیش سیسوڈیا نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی حکومت کو مکمل اکثریت حاصل ہے

اور دہلی میں آپ کی حکومت تشکیل دی جانے والی ہے ۔ ایسے میں انتخابی وعدوں کی تکمیل میں کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہوناچاہئے اور یہ دہلی کے حق میں بہتر ثابت ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ کجریوال نے مختلف مسائل کی یکسوئی کیلئے مرکز کی مداخلت میں راجناتھ سنگھ سے مکمل تعاون کی گزارش کی ہے کیونکہ وزارت داخلہ اور حکومت دہلی کو مل جل کر کام کرنے اور تعمیری تعاون حاصل کرنے کی ضرورت ہے ۔ بعد ازاں عام پارٹی قائدین کجریوال اور سیسوڈیا نے مرکزی وزیر شہری ترقیات وینکیا نائیڈو سے بھی ملاقات کر کے تقریب حلف برداری میں انہیں مدعو کیا۔ واضح رہے کہ بی جے پی نے 2013 ء کے اسمبلی انتخابات میں اپنے منشور میں دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن حالیہ اختتام پذیر اسمبلی انتخابات کیلئے 7 فروری کو جاری کردہ ویژن ڈاکومینٹ میں اس وعدہ کو نظر انداز کردیا گیا۔ تاہم آپ کے منشور میں یہ وعدہ کیا گیا کہ اگر وہ اقتدار میں آئی تو دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دلوانے کیلئے جدوجہد کرے گی۔