نئی دہلی ۔ 5 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام): مرکزی حکومت نے آج کہا ہے کہ قومی دارالحکومت کو مکمل ریاستی درجہ دینے کی تجویز زیر غور نہیں ہے ۔ جو کہ عام آدمی پارٹی حکومت کا کلیدی مطالبہ ہے ۔ لوک سبھا میں آج مملکتی وزیر داخلہ ہری بھائی پرتی بھائی چودھری نے ایک تحریری جواب میں بتایا کہ دہلی کو مکمل ریاستی درجہ دینے کی تجویز حکومت کے پاس زیر غور نہیں ہے جب کہ عام آدمی پارٹی کا مطالبہ ہے کہ دہلی کو مکمل ریاستی درجہ کا موقف عطا کیا جائے گا ۔ گذشتہ سال لوک سبھا انتخابات کی مہم کے دوران بی جے پی نے یہ وعدہ کیا تھا کہ اگر پارٹی کو اقتدار میں لایا گیا تو دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دیا جائے گا اور بی جے پی نے دہلی کی تمام 7 نشستوں سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرلی ۔ لیکن اسمبلی انتخابات کے موقعہ پر پارٹی کے ویژن ڈاکومنٹ میں ریاستی درجہ کے بارے میں وضاحت نہیں کی تھی ۔