نئی دہلی۔28 اگسٹ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) آبی وسائل، دریا ترقی اورتحفظ گنگا کے وزیر نتن گڈکری نے آج کہا کہ اتراکھنڈ میں اوپری جمنا بیسن کے علاقے میں مجوزہ چار ہزار کروڑ روپے کی لاگت والی لکھواڑ کثیر المقاصد پروجیکٹ کی تکمیل سے دہلی کے ساتھ ہی ہریانہ، راجستھان اور اتر پردیش میں جمنا کے کنارے آباد شہروں میں پانی کا بحران دور ہو جائے گا۔ گڈکری نے اتر پردیش کے وزیر یوگی آدتیہ ناتھ، راجستھان کی وزیر اعلی وسندھرا راجے ، اتراکھنڈ کے وزیر اعلی تروندر سنگھ راوت، ہریانہ کے وزیر اعلی منوہر لال، ہماچل پردیش کے وزیر اعلی جے رام ٹھاکر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال کی موجودگی میں یہاں اس پروجیکٹ کے پانی کی تقسیم جیسے کئی ایشوز پر ہونے والے معاہدے پر دستخط کرنے کے لئے منعقد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی وجہ سے دہلی میں اگلے دو ڈھائی دہائی میں پانی کا بحران مکمل طور سے ختم ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نیا سال شروع ہونے کے بعد ہر بار راجستھان، ہریانہ، اتر پردیش اور دہلی میں پانی کی دقت بڑھنے لگتی ہے۔