نئی دہلی، 12 ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) دہلی پولیس کے امبیڈکر نگرتھانہ میں تعینات ہیڈکانسٹبل کو نامعلوم افراد نے جیت پور علاقے میں گولی مارکر قتل کردیا۔پولیس نے آج بتایا کہ یہ واقعہ کل رات تقریباً گیارہ بجے پیش آیا۔ ہیڈکانسٹبل رام اوتار جنوبی دہلی کے امبیڈکر نگر تھانہ میں تعینات تھا۔ وہ رات کے وقت جیت پور میں اپنے گھر کے قریب دکان پر جارہا تھا۔ رام اوتار رات تقریباً آٹھ بجے ڈیوٹی سے گھر واپس لوٹا تھا۔ اسے زخمی حالت میں فوراً قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں اسے مردہ قرا ردیا گیا۔ رام اوتار 2003 میں دہلی پولیس میں شامل ہواتھا۔پولیس نے معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی ہے ۔