سری نگر28جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے سمبل قصبہ میں دہلی پولیس کے ہاتھوں ایک نوجوان کی مبینہ گرفتاری کے خلاف پیر کو مکمل ہڑٹال رہی اور مظاہرے بھی ہوئے ۔ میڈیا ذرائع سے معلوم ہوا کہ شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے سمبل قصبہ میں دہلی پولیس کے ہاتھوں گذشتہ ہفتے ہلال احمد بٹ نامی ایک نوجوان ساکن وانی محلہ سمبل کی گرفتاری کے خلاف مکمل ہڑتال بھی رہی اور لوگوں کی بھاری تعداد نے مظاہرے بھی کئے ۔ہلال کے رشتہ داروں، ٹریڈرس فیڈ ریشن اور سومو ڈارئیورس ایسوسیشن نے ہلال احمد کی گرفتاری کے خلاف سمبل چوک میں مظاہرے کرتے ہوئے احتجاجی ریلی نکالی اور ہلال احمد کی رہائی کے حق میں نعرے لگائے ۔اس کے ایک رشتہ دار نے بتایا کہ 23 جنوری کو دہلی پولیس کی ایک ٹیم نے پولیس اور مقا می فوجی یونٹ کے اہلکاروں کے ہمراہ اسے اپنے گھر سے ہی گرفتار کر کے دہلی منتقل کیا۔انہو ں نے کہا کہ ہمیں یہ نہیں بتایا گیا کہ ہلال کو کس جرم میں گرفتار کیا گیا۔انہوں نے کہا ’ہلال بے قصور ہے ۔ ہم اس کی رہائی کے لئے احتجاج کررہے ہیں۔ ہمیں یقین دہانی کی گئی تھی اس کو پوچھ گچھ کے بعد ہی رہا کیا جائے گا‘۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہڑتال کی وجہ سے قصبہ میں معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہیں۔دریں اثنا پولیس ذرائع کے مطابق ہلال احمد کو دہلی پولیس کی سپیشل سیل میں درج ایف آئی آرنمبر17/2019 کے تحت گرفتار کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہلال کو پوچھ تاچھ کے لئے دہلی منتقل کیا گیا ہے ۔