دہلی پولیس نے طلبہ کی فہرست سی بی ایس ای کو روانہ کی

پرچہ سوالات کے افشاء کیس
نئی دہلی۔ 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) دہلی پولیس نے سی بی ایس ای کو ان طلبہ کی ایک فہرست روانہ کی ہے جنہیں مبینہ طور پر کلاس 10 ریاضی اور کلاس 12 معاشیات کے افشاء ہوئے پرچہ سوالات وصول ہوئے تھے۔ یہ فہرست بورڈ کی جانب سے دہلی پولیس کی کرائم برانچ سے طلب کئے جانے کے بعد روانہ کی گئی ہے۔ اس کی تحقیقات کرنے والی ٹیم میں شامل ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی۔ رپورٹ میں پولیس نے یہ بھی تذکرہ کیا کہ باؤنا میں ایک اسکول کے پرنسپل جس کے ٹیچرس کو مبینہ طور پر پرچہ سوالات افشاء کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے، اس تحقیقات میں تعاون نہیں کررہے ہیں۔ باؤنا میں مدر خزانی کانوینٹ اسکول پرنسپل سے قبل ازیں اس کیس کے سلسلے میں کئی مرتبہ سوالات کئے گئے۔ کرائم برانچ کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ سی بی ایس ای نے ان سے خواہش کی کہ وہ افشاء ہوئے پرچہ سوالات وصول کرنے والے طلبہ کی تفصیلات سے انہیں فراہم کریں۔ گزشتہ ہفتہ پولیس نے بورڈ کو تحقیقاتی رپورٹ روانہ کی تھی جس میں 60 سے زائد طلبہ کے ناموں کا تذکرہ کیا گیا جن سے کرائم برانچ کے عہدیداروں نے سوالات کئے۔