نئی دہلی ۔ 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے سابق چیف منسٹر عمر عبداللہ نے آج اظہارمسرت کیا کہ مرکز نے دہلی پولیس کے ان ملازمین کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے جنہوں نے مبینہ طور پر لیاقت شاہ کے خلاف من گھڑت کیس تیار کیا تھا اور انہیں ایک دہشت گرد قرار دیا تھا۔ عمر عبداللہ نے اپنے ٹوئیٹر اکاونٹ پر لکھا ہیکہ مجھے خوشی ہوئی ہیکہ میں نے جس مسئلہ کو اٹھایا تھا اس میں کامیابی ملی ہے۔ لیاقت شاہ کی فرضی گرفتاری کیس میں کارروائی کی جارہی ہے جبکہ لیاقت شاہ جموں و کشمیر کی پالیسی خودسپردگی کے تحت مقبوضہ کشمیر سے وادی کو واپس ہورہے تھے۔ 20 مارچ 2013ء کو دہلی پولیس کے خصوصی سیل نے لیاقت شاہ کو دہشت گرد قرار دے کر گرفتار کیا تھا اور ان پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ ممنوعہ تنظیم حزب المجاہدین کا رکن ہے۔ حال ہی میں قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے دہلی پولیس کی کارروائی پر تنقید کرتے ہوئے لیاقت شاہ کو کلین چٹ دی تھی۔