دہلی پولیس شہریوں کے تحفظ کی اہل : کمشنر

حالیہ واقعات سے اظہار لا علمی ۔ چیف منسٹر کے تبصرہ پر رد عمل
نئی دہلی 16 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ڈنمارک کی ایک خاتون کی اجتماعی عصمت ریزی کے بعد چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کی شدید تنقیدوں کے پیش نظر دہلی پولیس کمشنر بی ایس بسی نے آج کہا کہ دہلی پولیس فورس شہر کے عوام کا تحفظ کرنے کی مکمل اہلیت رکھتی ہے ۔ اروند کجریوال نے کہا تھا کہ دہلی پولیس جرائم سے نمٹنے کی اہل نہیں ہے۔ میڈیا کے استفسار پر بسی نے کہا کہ وہ دہلی کے شہریوں کو یہ تیقن دینا چاہتے ہیںکہ دہلی پولیس ان کے تحفظ کی مکمل اہلیت رکھتی ہے ۔ دہلی پولیس عوام کو محفوظ رکھنے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا تھا کہ دہلی میں شہریوں کا تحفظ خدا کے بھروسہ پر چھوڑ دیا گیا ہے ۔ نامہ نگاروں کے سوالات کے جواب میں کمشنر پولیس دہلی نے صرف اتنا کہا کہ وہ دہلی میں پیش آنے والے حالیہ واقعات سے لا علم ہیں کیونکہ وہ بہت مصروف تھے اور انہیں ٹی وی دیکھنے کا وقت نہیں مل سکا ہے ۔ دہلی کے دو وزرا سومناتھ بھارتی اور راکھی برلا بھارتی نے کہا کہ انہوں نے دو علیحدہ واقعات میں دہلی پولیس کی مدد طلب کی تھی جسمیں متعلقہ عہدیداروں نے ان کے ساتھ کوئی تعاون نہیں کیا ۔ بھارتی نے الزام عائد کیا تھا کہ مالویہ نگر پولیس نے کھرکی گاؤں میں ایک سیکس ریاکٹ اور ڈرگس کے کاروبار میں نائیجیریائی باشندوں کے ملوث ہونے کے معاملہ میں اچانک دھاوا کرنے سے انکار کردیا تھا ۔ راکھی برلا نے الزام عائد کیا تھا کہ سارگر پور پولیس ایک خاندان کو بچا رہی ہے جس نے اپنی بہو کو نذر آتش کردیا تھا ۔ کمشنر پولیس مسٹر بسی نے کہا کہ وہ ان واقعات کے تعلق سے معلومات حاصل کرینگے ۔ ان سے سوال کیا گیا تھا کہ آیا وہ متعلقہ عہدیداروں کو معطل کرینگے ؟ ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ دہلی پولیس نے وزرا کے رویہ کے خلاف دہلی کے لیفٹننٹ گورنر مسٹر نجیب جنگ سے کوئی شکایت نہیں کی ہے ۔ وزرا پر دہلی پولیس کے کام کاج میں مداخلت کا الزام ہے ۔