دہلی ٹسٹ ڈرا،ہندوستان کی ریکارڈ نویں سیریز کامیابی

آخری دن ہندوستانی بولرس وکٹ لینے میں ناکام
کوہلی کو میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ

نئی دہلی۔6 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام )سری لنکا نے دھننجے ڈی سلوا119 (ریٹائرڈ ہرٹ) کی ذمہ دارانہ اننگز کی بدولت ہندوستان کے خلاف تیسرا اور آخری کرکٹ ٹسٹ یہاں ڈرا کیا جبکہ دنیا کی نمبر ایک ٹیم ہندوستان نے مسلسل نویں ٹسٹ سیریز جیتنے کے ساتھ عالمی ریکارڈ کی برابری کرلی۔ ہندوستان نے تین میچوں کی یہ سیریز1-0 سے اپنے نام کی۔کولکتہ میں پہلا اور دہلی میں تیسرا ٹسٹ ڈرا رہا ہے جبکہ ہندوستان نے ناگپور میں دوسرا ٹسٹ اننگز اور 239 رنز سے جیتا تھا۔ ہندوستان نے اس کے ساتھ ہی مسلسل نویں ٹسٹ سیریز جیت لی اور آسٹریلیا کے 2005 ء تا 2008 ء تک مسلسل نو سیریز جیتنے کے عالمی ریکارڈ کی برابری بھی کر لی۔ہندوستان کا یہ سفر 2015 ء میں سری لنکا کو اسی کی سرزمین پر 2-0 سے شکست دینے کے ساتھ شروع ہوا تھا۔ ہندوستان نے اس کے بعد جنوبی افریقہ کو 3-0، ویسٹ انڈیز کو 2-0 نیوزی لینڈ کو 3-0 ، انگلینڈ کو 4-0 ، بنگلہ دیش کو 1-0 ، آسٹریلیا کو 2-1 اور سری لنکا کو 3-0 سے شکست دی۔ہندوستان نے اپنی موجودہ سیریز میں 1-0 سے جیت حاصل کی۔ ہندوستان کے پاس اب جنوری سے شروع ہونے والے جنوبی افریقہ کے چیلنجنگ دورہ میں نیا عالمی ریکارڈ بنانے کا موقع رہے گا۔ ہندوستان نے سری لنکا کے سامنے جیت کیلئے 410 رنز کا ہدف رکھا تھا۔ سری لنکا نے کل کے تین وکٹ پر 31 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا اورڈی سلوا کی قابل تعریف اننگز کی بدولت ٹیم نے میچ کو ڈرا کروا یا۔ سری لنکا نے میچ کے ڈرا پر ختم ہونے تک 103 اوورس میں پانچ وکٹ پر 299 رنز بنائے ۔سری لنکا کی جانب سے ڈی سلوا نے عمدہ اننگز کھیلتے ہوئے 119 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔

حالانکہ اس کے بعد عضلات میں جکڑن کی وجہ سے انہیں میدان سے باہر جانا پڑا لیکن اس وقت تک وہ اپنی ٹیم کو محفوظ موقف میں پہنچا چکے تھے ۔ ڈی سلوا نے 219 گیندوں پر ناٹ آوٹ 119 رنز میں15 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔کپتان دنیش چنڈیمل(36) کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے112 رنز کی اہم شراکت بنائی۔ اپنا پہلا ٹسٹ کھیل رہے روشن سلوا نے ناٹ آؤٹ77 اور نروشن ڈکلویلا نے ناٹ آؤٹ44 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ دونوں نے چھٹی وکٹ کی ناٹ آوٹ شراکت میں 27 اوورس کی بیٹنگ میں94 رنز جوڑے ۔ مقابلے کے اختتام پر ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی سری لنکا کے خلاف یہاں فیروز شاہ کوٹلہ میدان میں ڈرا ہوئے تیسرے میچ میں مین آف دی میچ کے ساتھ مین آف دی سیریز بھی رہے۔ بی سی سی آئی کے قائم مقام صدر سی کے کھنہ نے کوہلی کو سیریز جیتنے پر فاتح ٹرافی پیش کی۔ کوہلی نے تیسرے ٹسٹ کی پہلی اننگز میں243 رنز اور دوسری اننگز میں50 رنز بنائے ۔ کوہلی نے سیریز میں تین سنچریوں کے علاوہ مجموعی طور پر615 رنز بنائے جس کیلئے انہیں مین آف دی سیریز کا ایوارڈ ملا۔ ان تینوں سنچریوں میں دو ڈبل سنچریاں بھی شامل ہیں۔کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کوہلی نے کہا کہ یہ سیریز انفرادی اور ٹیم کیلئے ایک بہترین سیریز رہی اور خاص کر میں نے جسطرح ونڈے میں مظاہرے کئے ہیں ان کے تسلسل کو ٹسٹ میں بھی برقرار رکھ پایا ہوں۔