دہلی میں 51 سالہ سیاح کا گینگ ریپ ، دو گرفتار

متاثرہ خاتون پولیس میں کیس درج کرانے کے بعد ڈنمارک واپس ،طبی معائنہ سے انکار
نئی دہلی ۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ڈنمارک کی ایک 51 سالہ سیاح کو آج قومی دارالحکومت کے قلبی حصہ میں نئی دہلی ریلوے اسٹیشن کے قریب چاقو کی نوک پر تقریباً 6 افراد نے مبینہ طور پر لوٹ لینے کے بعد اجتماعی عصمت ریزی کا نشانہ بنایا، جو اس شہر کے امیج پر ایک اور داغ ہے۔ متاثرہ خاتون جو یکم ؍ جنوری کو ہندوستان آئی، کل پہاڑ گنج میں واقع اپنی ہوٹل کا راستہ بھول گئی جس پر وہ راستہ معلوم کرنے ایک گروپ سے رجوع ہوئی۔ پولیس کے پاس اپنا بیان قلمبند کرانے کے بعد یہ خاتون آج دوپہر واپس ڈنمارک پرواز کر گئی اور اس کیس میں مکمل تعاون پیش کرنے کا وعدہ کیا۔ اس نے کوئی بھی طبی جانچ کرانے سے انکار کیا۔ دریں اثناء رات میں پولیس نے اس کیس میں دو افراد کو حراست میں لے لیا۔
دہلی پولیس کے سینئر عہدیدار نے کہا کہ دو محروس افراد کی شناخت 25 سالہ مہندر عرف گانجہ متوطن ضلع فتح پور (یوپی) اور راجہ کی حیثیت سے کی گئی۔ پولیس نے بتایا کہ انہوں نے ایک آئی پاڈ، ایئرپلگ، نوکیا موبائیل مالیتی 1,200 (جو لوٹی گئی رقم سے خریدا گیا)، 800 روپئے نقد مہندر کے قبضہ سے برآمد کئے جبکہ راجہ کے پاس سے عینک کا کیس اور 1000 روپئے نقد دستیاب ہوئے۔