دہلی میں 40 گورنمنٹ سرویسس کی گھر کی دہلیز پر فراہمی

حکمرانی کے معاملہ میں انقلابی تبدیلی، مزید خدمات کو پراجکٹ میں شامل کرنے کا منصوبہ : چیف منسٹر کجریوال
نئی دہلی 10 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی والوں کو اب 40 سرکاری خدمات بشمول ڈرائیونگ لائسنس اور میریج رجسٹریشن سرٹیفکٹ گھر پر مل جایا کریں گے کیوں کہ چیف منسٹر اروند کجریوال نے آج عوامی خدمات کی گھر کی دہلیز پر تکمیل کے پروگرام کا آغاز کیا جس کے تعلق سے اُنھوں نے کہاکہ یہ حکمرانی کے معاملہ میں انقلابی تبدیلی ہے۔ کجریوال نے کہاکہ اِس پراجکٹ میں آنے والے ایک ماہ میں مزید 30 خدمات شامل کئے جائیں گے اور جملہ تعداد دو تین ماہ میں 100 تک پہونچ جائے گی۔ دہلی کے مکین اِس سرویس سے استفادہ کے لئے 1076 ڈائیل کرسکتے ہیں جو صبح 8 بجے تا 10 بجے رات تک فراہم رہے گی۔ تاہم سرویسس کو گھر تک پہونچانے کے لئے قائم کال سنٹر 24 گھنٹے کام کرے گا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ عام آدمی پارٹی حکومت سارے ملک اور دنیا کے لئے ہوم ڈیلیوری آف سرویسس کے ذریعہ ایک ماڈل پیش کرنا چاہتی ہے۔ پہلے مرحلہ میں عام آدمی پارٹی حکومت 40 سرویسس فراہم کرے گی جیسے کاسٹ سرٹیفکٹ، ڈرائیونگ لائسنس، راشن کارڈ، برتھ سرٹیفکٹ، میاریج سرٹیفکٹ، واٹر کنکشن۔ یہ خدمات 50 روپئے کی اضافی فیس پر فراہم کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے یہاں اخباری نمائندوں کو بتایا کہ یہ حکمرانی میں انقلابی کام ہے۔ دہلی والوں کو اب حکومت کے محکمہ میں قطاروں میں کھڑے رہنا نہیں پڑے گا، اِس سے عوام کا وقت بچے گا۔ شہریوں کو اپنے کام کرانے کے لئے دلالوں کو رقم دینے کی ضرورت بھی نہیں پڑے گی۔ اُنھوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ اِس اسکیم پر عمل آوری میں جو کچھ بھی خامیاں پائی جائیں اُنھیں اُجاگر کریں تاکہ حکومت آئندہ دس تا پندرہ یوم میں اُن کی اصلاح کرسکے۔ آج کے ایونٹ میں تمام کابینی وزراء اور سینئر عہدیدار شریک ہوئے اور کجریوال نے کہاکہ حکومت اِس پراجکٹ پر عمل کے لئے 12 کروڑ روپئے خرچ کررہی ہے۔