نئی دہلی۔22 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کو آسودگی سے پاک بنانے کے لئے چیف منسٹر اروند کجریوال نے اعلان کیا ہے کہ قومی دارالحکومت کو 22 جنوری کو کاروں سے پاک دن منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس دن سیکل پر اپنے دفتر جائیں گے۔ کجریوال نے کہا کہ ’’کاروں سے پاک دہلی‘‘ کے روز حکومت کی جانب سے اس مہم میں عوام کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ عوام کو اپنے کام کے مقام پہونچنے کے لئے اس روز (22 جنوری کو) سیکل کے استعمال یا عوامی ٹرانسپورٹ سے استفادہ کی ترغیب دی جائے گی۔ حکومت دہلی نے آج سیکٹر 3-13 اور 7-9 سیکٹرکے درمیان سڑک پر واقع علاقہ دوارکا میں آج کاروں سے پاک دن منایا گیا۔ اس موقع پر کجریوال نے سیکل ریالی کی قیادت کی۔ اسکولی بچوں، اعلی سرکاری عہدیداروں اور اہم شخصیات نے اس ریلی میں حصہ لیا۔ کجریوال نے کہا کہ ’’میں یہ نہیں کہہ رہا ہوں کہ ساری دلی ہماری اپیل پر عمل کرے گی لیکن پانچ یا 10 فیصد عوام بھی اس پر عمل کرتے ہیں تو آلودگی میں 10 فیصد کمی ہوگی جو ہمارے لئے ایک بڑی کامیابی ہوگی۔‘‘