نئی دہلی ، یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) شہر میں لگ بھگ 200 مقامات پر ’گاندھی گری‘ کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا جہاں سیول ڈیفنس کے والنٹیرز نے آج سے پندرہ یوم کیلئے عمل درآمد کئے جانے والے طاق۔ جفت قواعد کی خلاف ورزی پر خاطیوں کو گلاب پیش کئے۔ یہ ٹریفک قواعد قومی دارالحکومت میں آلودگی کی سطح کو گھٹانے کیلئے روبہ عمل لائی گئی ہے۔ حکومت دہلی نے تقریباً 10 ہزار والنٹیرز کو ان کے ہاتھوں میں گلابوں کی پنکھڑیاں دے کر متعین کیا ہے کہ خاطیوں کو قواعد پر عمل کی ترغیب دیں۔
آر ایس ایس کا اتوار کو بڑا اجتماع
ممبئی ، یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عددی طاقت کے زبردست مظاہرے میں راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) نے اتوار کو پونے کے قریب زبردست اجتماع منعقد کرنے کی تیاری کرلی ہے، جو اس تنظیم کا ایک دہے میں سب سے بڑا مجمع ہونے کی توقع ہے، جس سے سربراہ تنظیم موہن بھاگوت خطاب کریں گے۔ تقریباً 1.5 لاکھ آر ایس ایس ورکرز کی اس اجتماع میں شرکت متوقع ہے، جو پونے کے مضافات میں ہنجیواڑی آئی ٹی پارک کے قریب 450 ایکڑ پر منعقد ہوگا۔