نئی دہلی ۔ 20 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دارالخلافہ میں شدید کہر کی وجہ سے ٹرینیں اور فضائی خدمات شدید طور پر متاثر ہوئی ہیں۔ آئی جی آئی پر کم و بیش 50 قومی اور بین الاقوامی پروازوں کی اوقات میں تبدیلی کی گئی جبکہ آٹھ پروازوں کا رخ دوسرے شہروں کی جانب موڑدیا گیا ۔ صبح 5-30 تا 9-30 کے درمیان یہاں پہنچنے والی پروازوں کا رخ احمد آباد اور چندی گڑھ کی جانب موڑ دیا گیا ۔ جموں و کشمیر اور لذاخ میں سردیاں گزشتہ کچھ دنوں سے آنکھ مچولی کھیل رہی ہے ۔ کچھ روز درجہ حرارت میں اضافہ رہتا ہے اور کچھ روز اس میں کمی ہوجاتی ہے ۔ گزشتہ دو دنوں سے حالات ایک بار پھر سرد ہوگئے ہیں جہاں درجہ حرارت نقطۂ انجماد تک پہنچ چکا ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے جاریہ ہفتہ برفباری کے علاوہ بارش کی پیش قیاسی بھی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کی ڈائرکٹر سونم لوئس نے کہا کہ 22 اور 23 جنوری کو وادی میں موسم انتہائی خراب ہوگا۔ البتہ کارگل ، گلمرگ ، کپواڑہ ، پہلگام اور دیگر علاقوں میں رات کا درجہ حرارت بہت ہی کم ہے
جس سے سردی میں اضافہ ہوچکا ہے ۔ کم و بیش یہی حال لداخ کا بھی ہے جہاں برفباری کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ دوسری طرف راجستھان سے ملنے والی خبروں کے مطابق ماؤنٹ ایوکو سرد ترین علاقہ قرار دیا گیا ہے جہاں درجہ حرارت 1.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد نارتھ ویسٹرن ریلوے (NWR) نے اپنی تین ٹرینوں کے نظام الاوقات میں تبدیلی کی ہے جبکہ دیگر 20 ٹرینیں ایک تا چھ گھنٹے تاخیر سے چل رہی ہیں۔ راجستھان کے دیگر شہروں میں درجہ حرارت 5 تا 6 ڈگری سیلسیس بتایا گیا ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران یخ بستہ ہوائیں چلنے کی پیش قیاسی بھی کی گئی ہے ۔ چندی گڑھ اور ہریانہ میں بھی دھند کی دبیز چادر کی وجہ سے ٹریفک نظام درہم برہم ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے یہاں بھی 22 اور 23 جنوری کو ہلکی بارش کی پیش قیاسی کی ہے ۔ چندی گڑھ میں درجہ حرارت 6.6 ڈگری سیلسیس نوٹ کیا گیا ہے ۔ امرتسر ، لدھیانہ ، پٹیالہ اور آدم پور بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔