راجیہ سبھا میں اظہار مذمت اور ملزم کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ
نئی دہلی ۔ 26 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : قومی دارالحکومت میں ایک 4 سالہ لڑکی کی بہیمانہ عصمت ریزی کا واقعہ آج راجیہ سبھا میں موضوع بحث رہا جب کہ ارکان نے ملزم کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ آج صبح اجلاس کی کارروائی شروع ہوتے ہی کنی موزہی ( ڈی ایم کے ) اور جیہ بہادری بچن ( ایس پی ) نے یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ متاثرہ لڑکی شدید زخموں کے ساتھ ہاسپٹل میں زیر علاج ہے ۔ کنی موزہی نے کہا کہ یہ محض اتفاقی واقعہ نہیں ہے ( کمسن لڑکی کی عصمت ریزی ) ہے بلکہ کہ اس طرح کے واقعات پر ہم بے حس ہوتے جارہے ہیں ۔ حکومت سے سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس طرح کے جرائم سے نمٹنے کے لیے سخت قوانین کی ضرورت ہے ۔ جیہ بچن نے کہا کہ وہ گذشتہ کئی اجلاسوں میں اس مسئلہ پر مباحث کا اصرار کررہی ہیں لیکن ان کی نوٹسیں نامنظور کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایوان میں ہر طرح کے مظالم کو موضوع بحث بنایا جارہا ہے ۔ لیکن خواتین کو نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ مذکورہ واقعہ پر صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے نائب صدرنشین پی جے کورین نے کہا کہ زانیوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے حکومت کو ہدایت دی کہ اس کیس میں کی گئی کارروائی پر رپورٹ پیش کرے ۔ دریں اثناء مملکتی وزیر پارلیمانی امور مختار عباس نقوی نے کہا کہ حکومت اس واقعہ کی مذمت کرتی ہے اور قصور واروں کے خلاف ممکنہ سخت کارروائی کی جائے گی ۔۔