بے گھر افراد کو راحت دینے حکومت دہلی کا اعلان ۔ چند دن کے اندر آغاز کا امکان
نئی دہلی 3 جنوری ( پی ٹی آئی ) حکومت دہلی نے آج اعلان کیا کہ وہ سارے شہر میں آئندہ چند دن کے اندر 100 نئے نائیٹ شیلٹرس کا آعاز کریگی تاکہ شدید سردی سے بچنے بے گھر افراد کو راحت مل سکے ۔ شہری ترقیات کے وزیر مسٹر منیش سیسوڈیہ نے اس تعلق سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی تھی کہ دہلی میں بے گھر افراد کی تعداد کا پتہ چلایا جائے ۔ معلوم ہوا ہے کہ 4,018 افراد شہر میں 212 مقامات پر کھلے آسمان تلے سونے پر مجبور ہیں۔ بعض مقامات پر پتہ چلا ہے کہ 100 سے زائد افراد بے گھر ہیں اور کھلے آسمان تلے رات گذارنے پر مجبور ہیں۔ اسی طرح کچھ مقامات پر 30 – 40 افراد اور کچھ مقامات پر 15 – 20 افراد کسی سہارے کے بغْر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چونکہ بے گھر افراد 212 مقامات پر رات گذارتے ہیںاس لئے ہمیں اس بات کی ضرورت ہے کہ تقریبا 100 مقامات پر نائیٹ شیلٹرس قائم کئے جائیں۔ مسٹر منیش سیسوڈیہ نے بتایا کہ کچھ نائیٹ شیلٹرس بڑے ہونگے جہاں 100 سے 300 افراد تک کے قیام کی گنجائش ہوگی ۔
اس طرح کے شیلٹرس ریلوے اسٹیشنوں ‘ دواخانوں اور بس ٹرمنس کے قریب قائم کئے جائیں گے ۔ مابقی مقامات پر چھوٹے شیلٹرس قائم کئے جائیں گے ۔ 100 تک بے گھر افراد کے قیام کی ان میں گنجائش رکھی جائے گی جبکہ کچھ مقامات پر 30 تا 40 افراد کے قیام کی گنجائش والے شیلٹرس قائم کئے جائیں گے ۔ مسٹر سیسوڈیہ نے کہا کہ یہ شیلٹرس بہت جلد تعمیر کردئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پورٹا کیبنس دو تا تین دن میں قائم کردئے جائیں گے ۔ چیف منسٹر دہلی مسٹر اروند کجریوال نے چہارشنبہ کو متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی تھی کہ وہ دارالحکومت دہلی میں رات کے وقت معائنے کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ پہلے سے جو نائیٹ شیلٹرس موجود ہیں وہ مناسب انداز میں کام انجام دیں۔ عہدیداروں کو یہ بھی ہدایت دی گئی تھی کہ وہ ان مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے ایک فہرست بھی تیار کریں جہاں نائیٹ شیلٹرس قائم کرنے کی ضرورت ہے ۔ بعض مقامات پر ترجیحی اساس پر اندرون تین یوم نائیٹ شیلٹرس قائم کردئے جائںے گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک تنظیم نے شہر میں 45 مقامات پر نائیٹ شیلٹرس کے قیام کی تجویز پیش کی تھی ان میں بھی بیشتر مقامات پر شیلٹرس قائم کردئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اعلان کے بعد کئی تنظیمیں بھی بے گھر افراد کیلئے شہر میں کئی مقامات پر نائیٹ شیلٹرس قائم کرنے کیلئے آگے آئی ہیں۔