نئی دہلی ۔ 13 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی عام آدمی پارٹی حکومت نے پالیسی پر مبنی ایک غیرمعمولی فیصلہ کو آج منسوخ کردیا جو ماضی میں شیلاڈکشٹ حکومت نے اس ریاست میں ملٹی برانڈ ریٹیل شعبہ میں بیرونی راست سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کی اجازت کیلئے کیا تھا۔ حکومت نے کہا ہیکہ وال مارٹ اور ٹیسکو جیسے بڑے عالمی ریٹیل اداروں کے قیام کی اجازت دینے کی صورت میں مقامی افراد میں بڑے پیمانے پر بیروزگاری پھیل جائے گی۔ دہلی کے معتمد مصنوعات امیت یادو نے پی ٹی آئی سے کہا کہ حکومت نے اپنے فیصلہ سے محکمہ صنعتی پالیسی کے علاوہ مرکزی وزارت صنعت و تجارت کو مطلع کردیا ہے۔ یادو نے محکمہ صنعتی پالیسی و ترویج کے سکریٹری کے نام اپنے مکتوب میں کہا کہ ’’مجھے ہدایت کی گئی ہیکہ دہلی حکومت نے اپنا فیصلہ تبدیل کردیا ہے
اور اب یہ فیصلہ کیا گیا ہیکہ دہلی میں ملٹی برانڈ ریٹیل شعبہ میں ایف ڈی آئی پالیسی کی تائید نہ کی جائے‘‘۔ تاہم چیف منسٹر اروند کجریوال نے کہاکہ ان کی حکومت نے اگرچہ اس فیصلہ کو کالعدم کردیا ہے لیکن عام آدمی پارٹی ایف ڈی آئی کی مخالف نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ ہمارے منشور کا ایک حصہ تھا اور ہم نے اپنا وعدہ پورا کیا ہے لیکن ہم اصولاً ایف ڈی آئی کے مخالف نہیں ہیں۔ یہ ایک ایسی چیز ہے جس کے بارے میں شعبہ جاتی بنیاد پر فیصلہ کیا جاسکتا ہے‘‘۔