صدرجمہوریہ نے شکایت کو وزارت داخلہ سے رجوع کیا
نئی دہلی ۔ 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی رکن پارلیمنٹ سبرامنیم سوامی نے چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کے خلاف شکایت کی ہے۔ صدرجمہوریہ نے اس شکایت کو وزارت داخلہ سے رجوع کیا ہے۔ دہلی میں حکمرانی کے ناکام ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے سبرامنیم سوامی نے صدرجمہوریہ سکریٹریٹ میں شکایت داخل کی تھی۔ گذشتہ ہفتہ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھے گئے مکتوب میں سبرامنیم سوامی نے ان سے مداخلت کی خواہش کی تھی اور الزام عائد کیا تھا کہ عام آدمی پارٹی کی کارکردگی نہایت ہی جارحانہ اور ظالمانہ ہے۔ یہ حکومت غیرواجبی اور بے مروتی کے ساتھ کام انجام دے رہی ہے۔ سبرامنیم سوامی نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ دہلی کے لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ چیف منسٹر اروند کجریوال کے تعلق سے شرارت پسندانہ رول ادا کررہے ہیں۔ کانگریس کی ایماء پر نجیب جنگ یہ رول ادا کررہے ہیں۔ صدرجمہوریہ کے سکریٹریٹ نے سبرامنیم سوامی کو بتایا کہ ان کے مکتوب کو معتمد داخلہ کے پاس بھیج دیا گیا ہے۔ اس مکتوب میں سبرامنیم سوامی نے کجریوال کی جانب سے بی جے پی ایم پی مہیش گری کے خلاف عائد کردہ الزامات کا بھی ذکر کیا ہے جس میں بی جے پی ایم پی پر الزام عائد کیا گیا ہیکہ انہوں نے این ایم ڈی سی عہدیدار کا قتل کیا ہے۔ سبرامنیم سوامی نے کہا کہ نجیب جنگ کو واضح طور پر کجریوال سے یہ کہنا چاہئے کہ ان کے پاس الزامات کی روشنی میں اگر ثبوت ہو تو وہ پیش کریں یا پھر ان سے معذرت خواہی کریں۔ صدرجمہوریہ سے درخواست کرتے ہوئے سوامی وزارت داخلہ سے بھی کہا ہیکہ وہ دستور دفعات کے مطابق کارروائی کرے۔
مودی کی تنقید کے بعد سبرامنیم سوامی فلسفی بن گئے
٭ بی جے پی رکن پارلیمنٹ سبرامنیم سوامی کل وزیراعظم نریندر مودی کے برسرعام اعتراض کے بعد عملاً گوشہ گمنامی میں چلے گئے۔ آج انہوں نے میڈیا کا سامنا کرنے سے گریز کیا اور سوشیل میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے فلسفیانہ انداز اختیار کیا تھا۔ سبرامنیم سوامی نے اس سے پہلے آر بی آئی گورنر رگھو رام راجن کے علاوہ وزیر فینانس ارون جیٹلی اور دیگر کئی سینئر عہدیداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس کی وجہ سے وزیراعظم مودی کو مداخلت کرنی پڑی تھی۔ آج انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ ’’یہ دنیا بالعموم ایک ایسے توازن پر ہے جس میں معمولی سی تبدیلی بھی اثر کرجاتی ہے۔ کرشن چندر نے اسی لئے سکھ دکھ کی بات کہی ہے‘‘۔ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ سبرامنیم سوامی کس تناظر میں بھگوان کرشن چندر کا حوالہ دیا تاہم ان کی خاموشی سے بی جے پی کے صدر دفتر میں راحت محسوس کی گئی۔