بی جے پی رکن او پی شرما کے ایوان سے اخراج کیلئے اخلاقیات کمیٹی کی سفارش
نئی دہلی۔ 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دہلی اسمبلی کی اخلاقیات کمیٹی نے بی جے پی رکن او پی شرما کو عام آدمی پارٹی (عآپ) کی خاتون رکن اَلکا لامبا کے خلاف پانچ ماہ قبل انتہائی فحش اور اہانت آمیز ریمارکس کرنے کے باوجود معذرت خواہی سے مسلسل انکار پر ایوان کی رکنیت سے مستقل طور پر معطل کرنے کی سفارش کی ہے۔ ایوان میں پیش کردہ 9 رکنی کمیٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ او پی شرما ’’عادت سے مجبور خطا وار ‘‘ ہیں۔ ذرائع نے کہا کہ انہیں معذرت خواہی کیلئے مزید ایک آخری موقع دیا جائے گا۔ کمیٹی کے کل منعقد شدنی اجلاس میں رپورٹ میں بحث ہوگی جس میں شرما کو طلب کیا گیا ہے، تاہم شرما نے کمیٹی کی سفارشات کو ’’جانبدارانہ اور سیاسی محرکات پر مبنی‘‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا اور الزام عائد کیا کہ حکمراں عآپ اپنی بھاری اکثریت کا بیجا استعمال کررہی ہے۔ دہلی اسمبلی کے اسپیکر رام نواس گوئل نے گزشتہ سال نومبر میں شرما کو لامبا کے خلاف ایوان میں فحش اور اہانت آمیز ریمارکس کرنے پر سرمائی اجلاس کے اختتام تک معطل کردیا تھا اور اس مسئلہ کو مزید تحقیقات کیلئے ایوان کی اخلاقیات کمیٹی سے رجوع کیا گیا تھا۔ شرما نے گزشتہ ماہ پٹیالہ ہاؤز کورٹ کامپلیکس میں جے این یو اسٹوڈنٹ لیڈر کنہیا کمار کی حاضری کے موقع پر سی پی آئی کارکنوں کو زدوکوب کیا تھا اور ان کی یہ حرکت وہاں نصب خفیہ کیمروں میں فلمبند ہوچکی تھی۔ بی جے پی رکن شرما نے اَلکا لامبا کو ’رات بھر گھومنے والی ‘ کہا تھا ۔ ان کے اس ریمارک پر ایوان کے اندر اور باہر زبردست ہنگامہ ہوا لیکن انہوں نے اپنی فاش غلطی پر افسوس یا ندامت کا اظہار کرنے سے انکار کردیا تھا۔