حیدرآباد /15 اپریل (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کی صدارت کے لئے پانچ ناموں کی سفارش کانگریس ہائی کمان کو پیش کردی، جس کے بعد دہلی میں کانگریس کے اقلیتی قائدین دوبارہ سرگرم ہو گئے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کی صدارت کا مسئلہ پنالہ لکشمیا کی پردیش کانگریس کی صدارت سے ہٹنے کے بعد زیر التوا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ صدر انڈین نیشنل کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ خورشید احمد سعید نے دوسری مرتبہ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کو مکتوب روانہ کرنے اور نئے صدر کے انتخاب کے لئے ناموں کی سفارش پر زور دیا تھا، جس پر اتم کمار ریڈی نے کانگریس کے چند سینئر اقلیتی قائدین سے مشاورت کے بعد پانچ ناموں مسرز ایس کے افضل الدین، ساجد پاشاہ، شیخ عبد اللہ پٹیل، فخر الدین اور صدر نشین سیٹ ون محمد مقصود احمد کے لئے اپنی سفارش اے آئی سی سی جنرل سکریٹری و انچارج آندھرا پردیش کانگریس امور ڈگ وجے سنگھ اور خورشید احمد کو پیش کردی۔
واضح رہے کہ خورشید احمد نے اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد قومی اور ریاستی سطح کی تمام اقلیت ڈپارٹمنٹ کمیٹیوں کو تحلیل کردیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ دو دن قبل 9 ریاستوں کے نئے صدور کا اعلان کیا جاچکا ہے، تاہم تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کی صدارت کا اعلان ابھی باقی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ کئی قائدین کی دعویداری اور سینئر قائدین کی سفارشات کے سبب نامزدگی میں تاخیر ہو رہی ہے، جب کہ کئی اقلیتی قائدین دہلی پہنچ کر اپنے حق میں ماحول سازگار بنانے میں مصروف ہیں۔ ذرائع کے بموجب آل انڈیا کانگریس کے جنرل سکریٹری و ترجمان شکیل احمد نے خورشید احمد سعید سے ایس کے افضل الدین کے حق میں سفارش کی اور ڈگ وجے سنگھ سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ علاوہ ازیں شیخ عبد اللہ پٹیل اور ساجد پاشاہ بھی سینئر قائدین سے ملاقات کر رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ 19 اپریل کو دہلی میں منعقد شدنی کسان ریلی میں تلنگانہ کے کئی کانگریس قائدین شرکت کر رہے ہیں، جس کے بعد یہ سرگرمیاں عروج پر پہنچ سکتی ہیں۔