دہلی میں صحافیوں کو گوری لنکیش جیسے حشر کی دھمکیاں

نئی دہلی۔29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سینئر جرنلسٹ گوری لنکیش کے بنگلور میں حالیہ قتل کے بعد قومی دارالحکومت نئی دہلی میں بھی صحافیوں کو دھمکیاں وصول ہورہی ہیں، خاص طور پر مودی حکومت، بی جے پی اور آر ایس ایس پر تنقیدیں کرنے والوں کو دھمکایا جارہا ہے۔ دہلی پولیس اور پڑوسی ٹائونشپ نوئیڈا کے حکام کم از کم 4 شکایات کی تحقیقات کررہے ہیں جو صحافیوں نے داخل کیے اور کہا کہ انہیں سوشل مسیج کے پلیٹ فارم ’واٹس ایپ‘ پر موت کی دھمکیاں گزشتہ دو ہفتوں سے مل رہی ہیں۔ ایک جرنلسٹ کو تو فون پر دھمکی دی گئی، جسے تین دھمکیاں واٹس ایپ پر وصول ہوچکی تھیں۔ دہلی پولیس کے ترجمان مدھرورما نے کہا کہ پولیس نے ان شکایات کی روشنی میں پولیس فورس کے سائبر سیل کے ذریعہ تحقیقات شروع کردی ہیں۔ تاہم ابھی خاطیوں کی نشاندہی ہونا باقی ہے۔ ابتدائی دھمکیوں میں صاف طور پر جرنلسٹ گوری کا حوالہ دیتے ہوئے متنبہ کیا گیا کہ مودی حکومت، بی جے پی اور آر ایس ایس پر نکتہ چینی کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا اور ان کا صفایا کردیا جائے گا۔ دہلی۔قومی دارالحکومت خطہ کے علاقے میں برسر کار کئی جرنلسٹوں نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بھی اس طرح کے پیامات وصول ہوئے لیکن وہ پولیس سے رجوع نہیں ہوئے۔ گوری کے قتل کا پس منظر بھی کچھ ایسا ہے کہ وہ ہندوتوا گروپ کی ناقد تھیں۔ وہ مودی حکومت کے خلاف لکھا کرتی تھیں اور انہوں نے آر ایس ایس و بی جے پی کی خامیوں کو بھی اجاگر کیا تھا۔