دہلی میں سامبا طرز کے فدائین حملے کا اندیشہ ، پولیس کو چوکسی کی ہدایت

نئی دہلی۔ 5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سکیورٹی اداروں نے دہلی پولیس کو خبردارکیا کہ جموں و کشمیر کے سامبا سیکٹر میں واقع فوجی کیمپ پر کئے گئے دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے فدائین حملے کی طرح کا ایک حملہ دہلی میں بھی کیا جاسکتا ہے۔ خفیہ معلومات کی بنیاد پر مرکزی سکیورٹی ایجنسیوں نے اپنے مشاورتی نوٹ میں کہا کہ سامبا میں کئے گئے حالیہ فدائین حملے کی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ پاکستان میں موجود دہشت گرد تنظیم جیش محمد، دہلی میں بھی دہشت گرد حملے کا منصوبہ بنارہی تھی۔ مشاورتی نوٹ میں کہا گیا ہے کہ ’’جیش محمد نے سامبا میں کئے گئے فدائین حملے کی طرز پر دہلی میں بھی دہشت گرد حملے کا منصوبہ بنایا ہے‘‘۔ دہلی پولیس کو ہمہ وقت چوکسی کی ہدایت کی ہے۔ سامبا میں 20 اور 21 مارچ کو دو فدائین حملے کئے گئے تھے۔