نئی دہلی 31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) نئی دہلی میں سال نو کے موقع پر آلودگی کی سطح شدید زمرہ تک پہنچ گئی ہے جس کی وجہ عہدیداروں نے عوام کو انتباہ دیا کہ گاڑیوں سے ہونے والی آلودگی میں کسی اضافہ یا پٹاخے جلانے سے صورتحال بہت خراب ہوجائے گی۔ سنٹرل پولیوشن کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے ڈیٹا کے مطابق پیر کو شہر میں مجموعی طور پر 417 کا ایر کوالٹی انڈیکس ریکارڈ کیا گیا جبکہ سسٹم آف ایر کوالٹی اینڈ ویدر فور کاسٹنگ (ایس اے ایف اے آر) کی جانب سے 418 کا اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا جو شدید زمرہ کے تحت آتا ہے۔ سی پی سی بی ڈیٹا کے مطابق قومی دارالحکومت میں 27 علاقوں میں شدید آلودگی ریکارڈ کی گئی جبکہ سات علاقوں میں فضائی معیار بہت ابتر ریکارڈ کیا گیا۔ این سی آر میں غازی آباد، گرگاؤں اور نوئیڈا میں فضائی معیار شدید ریکارڈ کیا گیا جبکہ فریدآباد میں فضائی معیار بہت ناقص ریکارڈ کیا گیا۔