دہلی میں سابق رکن اسمبلی کو گولی ماردی گئی

نئی دہلی ۔ /29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے جنوب مغربی بابا ہریداس نگر علاقہ میں آج رات سابق رکن اسمبلی بھرت سنگھ کو نامعلوم افراد پر مشتمل ایک گروپ نے گولی ماردی ۔ پولیس نے بتایا کہ بھرت سنگھ کو فوری گڑگاؤں کے ہاسپٹل لے جایا گیا ۔ شبہ ہے کہ سیاسی رقابت کی بنا یہ کارروائی کی گئی ۔ سابق رکن اسمبلی کے پرسنل سکیورٹی آفیسر اور تین حامیوں کو بھی گولیوں کا نشانہ بنایا گیا ۔ بھرت سنگھ انڈین نیشنل لوک دل کے سابق رکن اسمبلی تھے ۔

لی کوان ایو کے احترام میں قومی سوگ
نئی دہلی۔ 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سنگاپور کے سابق وزیراعظم لی کوان ایو کے احترام میں حکومت نے آج قومی سوگ کا اعلان کیا۔ آنجہانی قائد کی آخری رسومات کے موقع پر سارے ملک میں قومی پرچم نصف بلندی پر لہرائیں گے اور سرکاری طور پر کوئی تفریحی پروگرام منعقد نہیں ہوں گے۔ وزیراعظم مودی سنگاپور میں لی کوان ایو کی آخری رسومات میں شرکت کررہے ہیں۔ سنگاپور کے بانی صدر لی کوان کا نمونیا کے سبب 23 مارچ کو انتقال ہوا تھا جو نصف صدی تک اس جزیرہ پر واقع شہر نما ملک کے وزیراعظم رہے۔